راجن پور( صبح پا کستان )وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو انصاف دلانے اور ان کے حقوق ان کی دہلیز پر دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ضلع راجن پور میں اب ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راجن پور کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہارون رشید اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے بارے میں مکمل بریفنگ دی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے لا اینڈ آرڈر اور کچہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ضلع راجن پور کے مسائل کے بارے میں حکومت کو آگاہ کروں گی اور جلد ہی ضلع کے تمام مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو اپنے حقوق کے حصول کے سلسلے میں دربدر بھٹکنے کی ضرورت نہیں ۔ لوگوں کے مسائل کم کرکے ان کے وسائل بڑھائے جا رہے ہیں ۔