تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے تبدیلی کیلئے سونامی کالفظ استعمال کیا گیا یہ لفظ اس وقت ہماری سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ تحریک انصاف نئے پاکستان اور تبدیلی کیلئے سونامی کا لفظ کیوں استعمال کررہی ہے لیکن تحریک انصاف کی ایک سالہ حکومتی کارکردگی کے بعد سونامی کا لفظ ہم سمیت ہماری موجودہ و آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی،سونامی سمندری تباہ کن طوفان کیلئے پوری دنیا میں استعمال کیا جاتا ہے
لیکن تحریک انصاف کی قیادت نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے کیلئے سونامی کا لفظ استعمال کرتے ہوئے کیا،پرانے پاکستان کو تبدیلکرکے نئے پاکستان کی بنیاد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں رکھ دی گئی ،نئے پاکستان کے سونامی نے پاکستانی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے گئی پاکستانی روپیہ کی قدر اس طرح گری کہ ڈالرپاکستانی روپے کے مقابل آسمان پر پہنچ گیا ،جس کی وجہ سے مہنگائی کے سونامی کا ایسا طوفان آیا جس میں پاکستان کا ہر چھوٹا بڑا،امیر غریب،تاجر،صارف،افسر،سرکاری ملازم سمیت تمام شہری زد میں آکر بے یارومدد گار ہوگئے ،نئے پاکستانی سونامی میں احتساب کے نام پر اپوزیشن کی لیڈر شپ،کارکنان جیلوں میں اور سڑکوں پر ہیں ،یہ سونامی کی لہر پورے ملک کی طرح ضلع لیہ میں ایسے داخل ہوئی کہ یہاں کی ہزاروں سالوں سے پنپتی اخلاقی قدروں کو اپنی لپیٹ میں لیکر ایسا پٹخا دیا کہ الامان الحفیظ،ضلع لیہ میں تحریک انصاف کے سونامی طوفان کے سرخیل ایم این اے عبدالمجید خان نیازی نئے پاکستان کی بنیاد کارکردگی کی بجائے فحش گالم گلوچ،اسلحہ،تشدد،اخلاقی قدروں کی پامالی کرنے پر رکھتے ہوئے آزاد ایم پی اے سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ پر تشدد کرکے رکھ دی ہے یہاں حیران کن بات یہ ہے کہ اس پرتشدد واقعہ میں جہاں ایم این اے تحریک انصاف عبدالمجید نیازی ان کے حواری،گن مین موجود تھے وہاں ان کا جواں سال بیٹا عبدالرحیم بھی موجود تھا جس نے اخلاقی و رواءتی روایات کی پامالی کرتے ہوئے ضلع لیہ کے شریف النفس و سینئر پارلیمنٹرین ملک احمد علی اولکھ پر اپنے والد کی موجودگی میں جو کچھ کیا اس کے بارے میں لکھنا مناسب نہیں سمجھتا،ضلع لیہ پاکستان کے ان پر امن اور اخلاقی قدروں کے امین اضلاع میں شمار کیا جاتا ہے جس کی اپنی تاریخی روایات ہیں ،ضلع لیہ کی تاریخ ہے کہ یہاں کے باسیوں کو بزرگوں بچوں ،خواتین،چھوٹے بڑوں کی عزت آبروکرنے کی تربیت ان کے گھروں سے اس طرح ملتی ہے کہ جب یہ بچے اپنے گھر سے باہر نکلتے ہیں تو ان کی تعریف باہر سے آنے والے اپنے علاقوں میں جاکر اس طرح کرتے ہیں کہ ضلع لیہ کے لوگ پر خلوص و لائق تحسین ہیں ،ضلع لیہ کے اخلاقی قدروں کا جنازہ گذشتہ دنوں اس طرح نکلا جب سابق صوبائی وزیر ایم پی کروڑ ملک احمد علی اولکھ کی درخواست بستی ٹوٹن،راکھوں ،واڑہ سیہڑاں ،مونگر اور جمعہ میں دریائے سندھ کے کٹاءو کیلئے بنائے جانے والے سٹڈ بندوں کی تعمیر کیلئے ری ماڈل پیمائش کرنے پر وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کے جاری کردہ لیٹر 12جولائی 2019ء کے حکم پر اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی اعلیٰ سطحی ٹیم کی متاثرہ علاقوں کا مقامی محکمہ انہار و ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہی میں موقع ملاحظہ کررہے تھے کہ ایم این اے کروڑ عبدالمجید خان نیازی اپنی اسلحہ بردار فوج ظفر موج اور بیٹے عبدالرحیم کے ہمراہ بھی آموجود ہوئے جہاں ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے ان کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے تحریک انصاف کے ایم این اے غصہ میں آپے سے باہر ہوگئے اور کہا کہ حکومت ہماری فنڈ مرکزی حکومت کا اس کیلئے مشاورت اور حکم ہمارا مانا جائے گا اس پر بس نہیں کی ٹیم ،افسران،عوام کی موجودگی میں ضلع لیہ کے سینئر پارلیمنٹرین آزاد ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ کو فحش گالیاں نکالنا شروع کردیں جبکہ ایم این اے عبدالمجید نیازی کا بیٹا عبدالرحیم بھی اپنے والد کی روش پر چلتا ہوا بزرگ ایم پی اے ملک احمد علی اولکھ کے ساتھ بدتمیزی و زدوکوب کیلئے آگے بڑھا ان لوگوں کے اس رویہ کی وجہ سے دارالخلافہ سے آئی اعلیٰ سطحی ٹیم اور ملک احمد علی اولکھ نے واپسی کی راہ دیکھی،واپسی پر ملک احمد علی اولکھ علاقہ کے زمیندار کے ڈیرہ پر کچھ دیر کیلئے رکے تو ایم این اے عبدالمجید نیازی بیٹے اور ساتھیوں کے ہمراہ اس ڈیرہ پر پہنچ کر ملک احمد علی اولکھ اور ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر تھانہ میں مقدمہ درج ہوگیا،ضلع لیہ کی سیاسی و عام روایات پرتشدد نہیں بلکہ عزت و احترام کے فروغ کی ہیں جس کو ایک عوامی نمائندے نے حواریوں اور بیٹے کے ہمراہ توڑتے ہوئے تحریک انصاف کے نئے پاکستان کے نعرہ سونامی کے لہروں میں بہاد یا ،عبد المجید نیازی کے اس رویہ پر ضلع بھر کی عوام نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ضلع لیہ کی عوام وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے پوچھنے کی جسارت کررہے ہیں کہ کیا یہی تبدیلی ہے جس میں چھوٹے بڑے کی عزت کا جنازہ نکال دیا جائے اگر عمران خان کا ویژن مدینہ کی طرز کی ریاست کا ہے تو اس ریاست کا خلیفہ تو عوام کو جوابدہ ہوتا تھا کیا آپ اپنے ایک ایم این اے عبدالمجید خان نیازی سے ان کے اس رویہ پر جوابدہی کی جائے گی یا نہیں