ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان ):کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اسداللہ فیض نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایز اور دیگر متعلقہ افسران کے بیس جون تک بغیر اجازت سٹیشن چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے انہوں نے یہ احکامات ویڈیو لنک کانفرنس اجلاس کی صدارت کرتے جاری کیں اجلاس میں ڈویژن کے ہیلتھ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا،اے سی جی صفات اللہ اور دیگرافسران موجود تھے ۔ راجن پور،مظفر گڑھ اور لیہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ کمشنر اسد اللہ فیض نے کہا کہ چاروں اضلاع میں پولیو،ڈینگی،ای پی آئی اور حکومت پنجاب کے انڈیکٹرز کو مزید بہتر کیا جائے ۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے ۔ مراکز صحت میں مختلف شعبوں کی رہنمائی اور حکومت پنجاب کے اقدامات کی آگاہی کے بورڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جائیں ۔ مریض اور لواحقین کے ساتھ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا نامناسب رویہ برداشت نہیں ہوگا ۔ ڈپٹی کمشنرز باقاعدگی سے مراکز صحت کے اچانک معائنوں کا سلسلہ شروع کریں ۔ ہر افسر کو کم سے کم ایک مرکز صحت مخصوص کردیا جائے ;252; آفس آتے جاتے اور دیگر اوقات میں روزانہ اچانک معائنہ کیا جائے ۔ کمشنر اسداللہ فیض نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اراکین صوبائی اسمبلی کو دس دس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ۔ فنڈز سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ڈویژن میں دوسو بتیس منصوبوں پر کام جاری ہے منصوبوں پر دو ارب بہتر کروڑ بیس لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ ڈیرہ غازیخان میں چوہتر منصوبوں پر سات کروڑ روپے،ضلع لیہ میں بیالیس منصوبوں پر چار کروڑ روپے،ضلع راجن پور میں چونسٹھ منصوبوں پر پانچ کروڑ روپے اور ضلع مظفر گڑھ میں اناسی منصوبوں پر چھ کروڑ بہتر لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔