راجن پور (صبح پا کستان )قائمقام سپیکرپنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں کرپشن، غربت ،جہالت اور بیروز گاری کے خاتمے کے خلاف جدو جہد کی علامت ہیں ۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے والے وقت کی نزاکت کو سمجھیں اور تنقید برائے تنقید کی روش کو ترک کر کے پاکستان کی ترقی ،معاشی مضبوطی اور سا لمیت کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔یہ وقت پاکستان کے لئے کام کرنے کا ہے نہ کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے حکومت کے لیے مسائل پیدا کرنے کا۔ ملک پہلے ہی کرپشن اور ذاتی مفادات کی وجہ سے بہت پیچھے جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پنجاب اسمبلی میں عوامی مسائل کے حل کے لئے راجن پور سے آئے ایک بڑے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت معیشت کی بہتری اورمضبوطی کے لیے پوری نیت کے ساتھ دن رات ایک کرکے کام کر رہی ہے۔ اب تنقیدکرنے والے پاکستان کی بہتری کے لئے تجاویز دیں نہ کہ صرف باتوں سے کام چلائیں۔مہنگائی اور غربت ہماری پیدا کردہ نہیں بلکہ سابقہ حکومتوں کی نااہلی کانتیجہ ہے مگرہم قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ پانچ سال کی حکومت مکمل کرنے کے بعد ہم ایک نیاخوشحال پاکستان قوم کودیں گے۔ صوبہ پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قائمقام سپیکر نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مختلف پروگرامز پر عمل پیرا ہے، صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے حقیقت پسندانہ ترجیحات کا تعین کیا جا رہا ہے تاکہ تیز رفتار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے ۔ صوبے کی معیشت کوپائیدار بنیادو ں پر مستحکم بنا نے کیلئے وسائل کا درست اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تیز رفتار ترقی اور جامع اصلاحات کے ساتھ عوام کا معیار زندگی مزید بلند کرنے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے مزید وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔