صادق آباد (. سا بق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے وہ نہیں سمجھتے کہ کپتان کی حکومت زیادہ دن تک چل پائے گی ۔عوام کے اصل حقدار ہم ہیں ان کے بنائے ہوئے پتلے نہیں ہے۔ہم نے مخالفین کو جیلوں میں رکھا اور نہ کسی کا احتساب کرنے کا سوچا ۔ اگر صدر کے اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتا تو آج کوئی ڈینٹسٹ یا پکوڑے والا صدر نہ ہوتا۔
نواز آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کو کام کرنا پڑے گا اور اگر نہیں کرتے تو گھر جانا پڑے گا۔ میں نہیں سمجھتا کہ کپتان سے کچھ سنبھالا جائے گا اور اس کی حکومت زیادہ دن چل پائے گی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ نے ہمارا نعرہ لے کر جنوبی پنجاب کا نعرہ لگایالیکن اب آپ کا دل دھڑکتا ہے کیونکہ آپ کی شروع سے نیت ہی نہیں تھی ۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو تب بھی یہی حالات تھے لیکن ہم نے سب کام کیے ۔ عوام کے اصلی حقدار ہم ہیں آپ کے بنائے ہوئے پتلے نہیں ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم ہم نے اپنے لیے کی ہے حالانکہ اس کے ذریعے ہم نے صوبوں کو اختیارات دیے۔ اگر دوبارہ موقع ملا تو اس سے بھی آگے جاﺅں گا اور گیس کی رائلٹی اس ضلع کو دوں گا جس ضلع سے گیس نکلتا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ ڈیم بننے چاہئیں لیکن آج پانی کی کمی ان کی بدمعاشی کی وجہ سے ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں تھا ، ہم نے مخالفین کو جیلوں میں رکھا اور نہ کسی کا احتساب کرنے کا سوچا ۔ جتنے بھی بطور صدر اختیارات تھے وہ پارلیمنٹ کو ٹرانسفر کردیے۔ اگر میں یہ کام نہ کرتا تو آج کوئی اور صدر ہوتا، اگر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتا تو آج کوئی ڈینٹسٹ یا پکوڑے والا صدر نہ ہوتا۔