لیہ (صبح پا کستان )سپیشل افراد معاشرے کی اجتماعی توجہ کے مستحق ہیں جس کے لیے حکومت پنجاب متعدد فلاحی پروگرامز کے ذریعے معاونت فراہم کررہی ہے اور سپیشل بچوں کو آمدورفت کی سہولیات کے لیے ایک کروڑ 74لاکھ روپے کی لاگت سے تین بسوں کی فراہمی اسی سلسلہ کی عملی کڑی ہے ۔یہ بات کمشنر ڈی جی خان ڈویژن رانا گلزار احمدنے ڈی پی ایس بوائز ونگ میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر ز کے لیے بسوں کی چابیاں دینے کے موقع پر کہی۔ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ ہمراہ تھے۔کمشنر ڈی جی خان نے پرنسپل وحید وقاص کو بسوں کو چابیاں دیں ۔اس موقع پر سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی نے بتایا کہ سپیشل ایجوکیشن سنٹرلیہ ،کروڑ و چوبارہ ،کوٹ سلطان کام کررہے ہیں جن میں بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے چھ بسیں پہلے کام کررہی ہیں اور بڑھتی ہوئی ضروریات کے مدنظر تین نئی بسوں کی فراہمی سے سپیشل بچوں کو مزید سہولت فراہم ہوسکے گی۔ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نے سی ای او تعلیم کو بسوں کی مناسب دیکھ بھال اور انہیں فنکشنل رکھنے کے لیے نگرانی کی ہدایت کی۔