ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ) .کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ اداروں کو چلانے کیلئے وہاں کام کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی ضروری ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ صحت مند جسم میں ہی صحتمند دماغ ہوتا ہے چنانچہ سپورٹس سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے . انہوں نے ان خیالات کااظہار ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کے ہال میں سیکرٹری ونگ اور چیئرمین ونگ کے ملازمین کے مابین سالانہ کھیلوں کے مقابلہ جات سپورٹس گالا برائے 2017-18میں کامیاب ہونے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے کہا کہ ایک فاتح سے جب فتح کا سبب دریافت کیا گیا تو اس نے جواب دیا کہ کھیل کے میدانوں نے صحت مند کھلاڑی پیدا کیے جنہیں وہ کھیلوں کے میدان سے فوج میں لایا. ان کھلاڑی نوجوانوں نے فتح دلائی . انہوں نے کہاکہ اس قسم کی صحتمندانہ سرگرمیوں سے اداروں میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں . چیئرمین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق اور صدر ایمپلائز ایجوکیشن بورڈ ظفر اقبال کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سالانہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی . انہوں نے آگاہ کیا کہ سپورٹس گالا کے مقابلہ جات کے تحت فٹبال ، ٹیبل ٹینس ، کبڈی ، والی بال ، ہینڈ بال ، کرکٹ ، رسہ کشی اور اتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی ہے . تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں ، سر ٹیفکیٹس اور میڈلز تقسیم کیے گئے . سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں سپورٹس آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران میڈم لاریب ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد مشتاق ، ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین ، پرنسپل ڈی پی ایس کے علاوہ بورڈ افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی .