راجن پور( صبح پا کستان ) ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں ،حفاظتی بندوں کا سروے مکمل کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے، تما م متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری کو پورا کریں ،لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد نے سیلاب سے بچاؤ اور قدرتی آفات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پراے ڈی سی جی محمد افصل خان ناصر، مقامی ایم پی اے سردار عاطف حسین خان مزاری کے نمائندہ زاہد خان مزاری ،اسسٹنٹ کمشنر راجن پورر شاہد محبوب،روجھان عمران منیر ،ایکسئن رود کوہی جاوید احمد،ایکسئین ہائی وے وقاص احمد، کے علاوہ محکمہ تعلیم ،صحت ،پبلک ہیلتھ ،بلڈنگ ،لوکل گورنمنٹ ،میونسپل کمیٹی کے سی او ،سوشل ویلفیئر،ریسکیو 1122اور دیگر کے افسران موجود تھے۔ڈی سی نے کہا ہے کہ لوگوں کو سیلاب کے دوران محفوظ مقام دینا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے اپنی تیاری مکمل رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ دریائی سیلاب ہو یا رود کوہی دونوں صورتوں میں انتظامات مکمل ہونے چاہئیں ۔