پرچم کشائی،قومی ترانہ،مارچ پاسٹ،پی ٹی شو،سلامی،حلف برداری وٹیبلوز کے شاندار مظاہرے
ڈی سی او و ڈی پی او نے نمایاں کارکردگی کے حامل طالب علموں میں انعامات تقسیم کیے
لیہ(صبح پا کستان) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر سید واجدعلی شاہ نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے فکری،علمی،سماجی و اقتصادی چیلنجز سے عہدہ براں ہونے اور فلاح معاشرے کی تشکیل کے لیے نالج اکنامی کا فروغ واستحکام کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ کے سالانہ یوم والدین و سپورٹس ڈے کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہی۔ڈی پی او محمد علی ضیاء مہمان خصوصی تھے۔ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ کے 31ویں یوم والد ین و سپورٹس ڈے کے موقع پر پرچم کشائی،قومی ترانہ،مارچ پاسٹ،پی ٹی شو،سلامی،حلف برداری وٹیبلوز کے شاندار مظاہرے پیش کیے گئے اور ڈی سی او و ڈی پی او نے نمایاں کارکردگی کے حامل طالب علموں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہرہ ذوالفقار نے کہاکہ ڈی پی ایس گرلز ونگ نے پرائمری سیکشن میں 15،مڈل سیکشن میں 14،سیکنڈری میں 21،اور انٹر میں 12پوزیشنیں بورڈ سے اول،دوم سطح پر حاصل کر چکے ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جارہاہے۔ڈی سی او سید واجدعلی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع لیہ عظیم تہذیبی و ثقافتی ورثے کا امین ہے اور تہذیبی فکر و عمل کا ہمیشہ گہوراہ رہا ہے اور ڈی پی ایس ایسے تعلیمی ادارے اس عظیم فکری اور علمی روایت کے تسلسل اور استحکام کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں امسال سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن کاحصول اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر خادم حسین،پرنسپل ڈی پی ایس بوائز غلام عباس بخاری،سابق پرنسپل رانا نذیر احمد،اساتذہ کرام،والدین و طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔