صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے نو منتخب انجمن تاجران کے صدر،جنرل سیکرٹری و دیگر عہدہداران سے حلف لیا
تقریب سے صدر آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ شفیق،صدر انجمن تاجران لیہ ملک مظفراقبال دھول،جنرل سیکرٹری شیخ کمال الدین نے بھی خطاب کیا
لیہ(صبح پا کستان) ضلع کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہے جس کے حصول کے لیے شارٹ ٹرم ولانگ ٹرم ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی جارہی ہے جس سے دیہی و شہری علاقوں کے مکینوں کا معیار زندگی بہتر اور جدید انفراسٹکچر میسر آے گا۔یہ بات صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے انجمن تاجران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ڈی سی او واجد علی شاہ،ڈی پی او محمد علی ضیاء،تاجر نمائندوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں و تاجران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے کہا کہ صوبے بھر کی عوام کو بہتر و معیاری سماجی سہولیات کی فراہمی اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لیے تما م ترجیح ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں اور ضلع لیہ کے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو دریاسے کٹاؤ سے محفوظ بنانے،لیہ تونسہ پل کی تعمیر کامنصوبہ،معیاری میونسپل سروسز،صحت،تعلیم،فارم ٹومارکیٹ روڈ نیٹ ورک کی توسیع ایسے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں بھی مزید بہتری آے گی اور ضلع لیہ میں چیمبرآف کامرس بنانے کے لیے انجمن تاجران سے مل کر کوششیں کی جائیں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈی سی او واجد علی شاہ نے سپاس نامے میں اُٹھائے گئے بتائے گئے مطالبات پر عمل درآمد کرنے کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ ضلع کی عوام کے لیے پارکوں کی بہتری اور تفریح سہولیات کے لیے مختلف پراجیکٹس پر کام کیا جارہے اور تھل جیپ ریلی ایسے میگا ایونٹ کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ڈی پی او محمد علی ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی کے لیے لیہ پولیس کی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ تقریب سے صدر آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ شفیق،صدر انجمن تاجران لیہ ملک مظفراقبال دھول،جنرل سیکرٹری شیخ کمال الدین نے خطاب کرتے ہوئے تاجر تنظیموں کے فعال کردار،تاجروں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے اور انتظامیہ سے اپنے بھرپور تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے نو منتخب انجمن تاجران کے صدر،جنرل سیکرٹری و دیگر عہدہداران سے حلف لیااور انہیں مبارک باد دی۔