ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے مزید 350بستر کے حامل وارڈز کی تعمیر کے ترمیمی منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ہے او رحکومت پنجاب کی طرف سے مطلوبہ فنڈز ایک ارب 62کروڑ روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں . عمارتوں کو منسلک کرنے کیلئے فلائی اوور ؍ پل تعمیر کیے جائیں گے . 40کروڑ روپے کی لاگت سے سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ نظام نصب کیا جائے گا . تعمیراتی کام جون 2017تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں . علاوہ ازیں ایمرجنسی وارڈ کی بھی100 بستر تک توسیع کیلئے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں . یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد یثرب کو ہسپتال کے معائنہ کے دوران بریفنگ میں بتائی گئی . کمشنر نے کہاکہ مطلوبہ فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں اس لیے ٹھیکیدار افرادی قوت بڑھا کر کام کی رفتار کو تیزتر کریں . جون تک مسنگ سپیشلٹیز کے تحت 350بستر کے حامل وارڈز کو فنکشنل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی. انہوں نے کہاکہ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے اہم ترین منصوبے میں شامل ہے ، مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. ہسپتال میں بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے ٹرانسفارمرز اور جنریٹرز کی تنصیب سمیت دیگر کام گرمیوں سے قبل مکمل کر لیاجائے. پارکنگ سمیت اہم مقامات پر متعلقہ شعبوں کی رہنمائی کیلئے سائن بورڈز ، ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسران کے رابطہ نمبر آویزاں کیے جائیں . ڈاکٹرز سمیت دیگر تمام سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے سکیورٹی معاملات کی چیکنگ اور کنٹرول روم کی نگرانی کیلئے سینئر ڈاکٹر کو فوکل پرسن مقرر کیا جائے