ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)مشیر وزیر اعلی پنجاب و ا یم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر مویشی منڈیوں سے ٹھیکیدار مافیا اور مڈل مین کا کردار ہمیشہ کیلئے ختم کر دیاجائے گا. صوبہ بھر میں غیر قانونی منڈیوں کے قیام پر کارروائی کی جائے گی. کیٹل منیجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام منڈیوں میں غیر قانونی سٹالز اور دکانیں قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی. ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں گرمیو ں سے قبل منڈیوں میں مویشیوں اور مالکان کیلئے سایہ ،ٹھنڈا پانی اور بیٹھنے کیلئے مناسب جگہ کا انتظام کر لیا جائے . قانون کے تحت سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھیکوں کی ٹینڈرنگ میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے. انہوں نے یہ بات کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں مویشی منڈیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کیٹل منیجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی کارکردگی پر عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے نئے منیجنگ ڈائریکٹر صورتحال بہتر کرنے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دے دیا. مشیر وزیر اعلی پنجاب ملک محمد افضل کھوکھر نے کہاکہ تمام مویشی منڈیوں میں سکیورٹی اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے. انہوں نے کمشنر اللہ رکھا انجم کو اختیار ات دیتے ہوئے کہاکہ وہ قائم کردہ کمیٹیوں کا از سر نو جائزہ لیں اور ضرورت پڑنے پر ردوبدل کیاجاسکتاہے .
کمشنر و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم نے کہاکہ منیجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریدوفروخت پر پرچی فیس ختم کر دی گئی ہے. مڈل مین کا کردارختم کرنے کیلئے مویشی پال حضرات کو منڈیوں تک رسائی دی جائے گی جس کیلئے آگاہی مہم پر بھی توجہ دی جا رہی ہے. کمیٹیو ں کی تشکیل اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرائے جائیں گے .
منیجنگ ڈائریکٹر محمد یونس خان کھتران نے بتایاکہ صوبہ کی کامیاب دس اہم منڈیوں میں ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی تین منڈیاں بھی شامل ہیں . وسائل کا بہتر استعمال کر کے عوام کو مویشی منڈیوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی . اس وقت ڈویژن میں 17منڈیاں ، ڈیرہ غازیخان ، کوٹ چھٹہ ، پل قمبر ، ناڑی جت والا، محمد پور دیوان ، چوک اعظم ، لیہ ، فتح پور ، کروڑ ، مظفرگڑھ ، جتوئی ، کوٹ ادو، علی پور ، روہیلانوالی ، شاہ جمال ، کوٹلہ نصیر او رروجھان میں کام کر ر ہی ہیں جہاں مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹینڈر 27مارچ کو کھولے جائیں گے . اجلاس میں قائمقام ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ ، جنرل منیجر ڈاکٹر فقیر حسین ، چیف فنانشل آفیسر معین احمد خان کے علاوہ محمد حنیف خان پتافی ، پروفیسر محمد اقبال ، سمیع اللہ ، مرزا شہزاد ، سید مسعودا لروف ، حافظ جمیل احمد ، ڈاکٹر عبدالباسط ، کنور کمال اختر ،بلال احمد سومرو ، عبدالخالق ، ڈاکٹر سجاد سلطان سمیت دیگر اراکین موجود تھے .