لیہ(صبح پا کستان) ضلع لیہ میں مستحق بیوہ خواتین کو حکومت پنجاب معاشی خود کفالت کے لیے لائیوسٹاک و ڈیر ی ڈویلپمنٹ کی امدادی سکیم کے تحت چھوٹے بڑے مویشی مفت تقسیم کررہی ہے جس کا بنیادی مقصد زرعی معیشت میں بہتر ی لانا اور دیہی خواتین کو آسودہ حال بنانا ہے۔یہ بات ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمدنے بی زیڈ یو بہادر کیمپس کے احاطے میں 200سو بیوہ خواتین میں گائیں و بھینسیں تقسیم کرنے کے موقع پرکہی۔تقریب میں اے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی، ڈی جی پنجاب لائیوسٹاک ڈاکٹر قربان ،ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈی جی خان و ملتان اشرف انجم ،ڈاکٹر منصوراحمد ملک،ڈاکٹر طارق انور ،سید جعفر مزمل بخاری ،معززین علاقہ اورخواتین کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اشفاق احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ اجتماعی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے امدادی پروگرام کے تحت بیوہ خواتین میں مویشیوں کی مفت تقسیم ان منصوبوں کی عملی کڑی ہے تاکہ خواتین خود روز گار سکیم کے ذریعے اپنے کنبے کی کفالت مزید بہتر انداز میں کر سکیں اور اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں بھی معاونت حاصل ہو سکے گی ۔ا ے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی نے کہا کہ بیوہ خواتین میں مویشیوں کی شفاف بنیادوں پر تقسیم کے لیے ضلع حکومت تمام مراحل میں مانیٹرنگ کررہی ہے ۔بعدازاں چوہدری اشفاق احمد ،سید جعفر مزمل بخاری وا ے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی نے دو سو بیوہ خواتین میں گائیں و بھینسیں تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈی ایل او ڈاکٹر طارق انور نے کہا کہ ان مویشیوں کی دیکھ بھال علاج اور ویکسی نیشن کے لیے بھی مفت سہولیات محکمہ لائیوسٹاک فراہم کررہا ہے۔