لیہ(صبح پا کستان)حادثات کے متاثرین کے عالمی دن کے سلسلہ میں ریسکیو 1122لیہ میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔جس میں ریسکیورز ،، ٹریفک اہلکار اور ریسکیو رضاکاران نے شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈرائیونگ غفلت ، لاپرواہی اور تیز رفتاری حادثات کا سبب بنتی ہے اور 90فیصد حادثات رونما ہوتے ہیں ، کم عمر افرادجن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہوتا اور ٹریفک کے اصولوں سے نا واقفیت بھی حادثات کا سبب بنتی ہے ۔ ٹریفک انسپکٹر رسول بخش ، سلیم دانش ، عمران شاہ اور عرفان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دوران ڈرایؤنگ موبائل کا استعمال ، کھانے پینے ، میوزک پلیر سے کھیلنے اور روڈ پر توجہ نہ رکھنے سے حادثات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈرائیور سیٹ کے ساتھ خالی بوتلیں نہ رکھیں خالی بوتل بریک کے درمیان پھنس کر حادثے کا باعث بن سکتی ہے ، سلیپر کی جگہ سینڈل یا سخت جوتی استعمال کریں تاکہ پاؤ ں سلپ نہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ کا پہلا اصول صبر اور تحمل ہے جبکہ جلد بازی کا نتجہ موت کی صورت ہی نکلتا ہے ۔ بعد ازاں ریسکیو آفس سے آگاہی واک نکالی گئی جس میں شرکا ء نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے ۔ جبکہ واک کے بعد چوبارہ روڈ پر گدھا رہڑیوں، موٹر سائیکل رکشوں پر ریفلکٹرز لگائے گئے اور آگاہی پمفلس تقسیم کئے گئے
۔