ڈیرہ غازیخان( صبح پا کستان)حکومت پنجاب صوبہ بھر میں خدمت کارڈ حاصل کرنے والی بیواؤں میں دودھ دینے والی 2000بھینس او رگائے مفت تقسیم کرے گی . جس کے تحت ضلع ڈیرہ غازیخان کی تقریبا پانچ سومعذور خواتین مستفید ہوں گی . محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے خدمت کارڈ حاصل کرنے والی خواتین کے کوائف کی ویٹرنری سٹاف کی طرف سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے . شرائط پر پوری اترنے والی خواتین میں آئندہ ماہ مویشی مفت تقسیم کیے جائیں گے . ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہرنے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اس مقصد کیلئے تقریبا 45کروڑ 88لاکھ روپے مختص کیے ہیں جس کے تحت 18 سے 29سال اور 30سے 60سال کی معذور خواتین اور وہ خاندان جس میں 18سال سے کم عمر کے بچے معذور ہوں کو مفت مویشی دیئے جائیں گے . اس سلسلے میں متعلقہ خواتین کی رضا مندی کے علاوہ جانور رکھنے کیلئے جگہ اور پہلے سے جانور کی موجودگی شرط ہو گی. ڈاکٹر توصیف طاہر نے بتایاکہ سکیم سے خدمت کارڈ رکھنے والی وہ خواتین مستفید ہوں گی جو گاؤں میں رہائش پذیر ہوں اور اس کا ایک بچہ اسی گاؤں میں زیر تعلیم ہو. مویشی حاصل کرنے کیلئے درخواست میں غلط بیانی ثابت ہونے پر نہ صرف جانو رکی کل قیمت وصول کی جائے گی بلکہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنے پڑے گا . انہوں نے بتایاکہ زیادہ درخواستیں جمع ہونے کی صورت میں خدمت کارڈ رکھنے والی بزرگ خواتین کو ترجیح دی جائے گی. ڈاکٹر توصیف طاہر نے بتایا کہ خواہشمند معذور خواتین اس سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک کے ضلعی دفتر سے رجوع کر سکتی ہیں .