لیہ(صبح پا کستان)کوٹ سلطان میں نئی یونین کونسلوں کے دفاتر کا تنازعہ شد ت اختیار کر گیا، یونین کونسل سٹی کے دفاتر کی بجائے ٹی ایم اے سی او یونٹ میں دیگر دو یونین کونسلوں کے دفاتر قائم، تنازعہ کے حل کے لئے اے سی لیہ موقع پر پہنچ گئے، یوسی کوٹ سلطان کے چیئر مین کا آج اجلاس سڑک پر کر نے کا اعلان، تینوں یونین کونسلوں
کے چیئر مینوں سے ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی۔ ٹی ایم اے سی او یونٹ میں نئی بننے والی یونین کونسلوںیوسی کوٹ سلطان رورل، یوسی سونہارا وساوا کے دفاتر قائم کر دیئے گئے جبکہ یوسی کوٹ سلطان سٹی کو پرانے دفتر میں شفٹ کر نے کے احکامات جاری کئے گئے جس کی رپیئرنگ نہ ہونے سے عمارت شکستہ و ریخت کا شکار ہو چکی ہے ، جہاں یوسی سٹی کے چیئر مین نے شفٹ ہونے کی بجائے دیگر یونین کونسلوں کو دیئے گئے دفاتر میں سے ایک دفتر ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، یونین کونسلوں کے تنازعہ پر گزشتہ روز اے سی لیہ نے تینوں چیئرمینوں یوسی کوٹ سلطان جانی خان تنگوانی ، یوسی سونہارا وساوا ملک عبدالمجید سوئیہ، نمائندہ یوسی کوٹ سلطان رورل و کونسلر مہر اللہ وسایا کلاسرہ سے ملاقات کرتے ہوئے یونین کونسلوں کے دفاتر کاجائزہ لیا، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی لیہ نے کہا کہ تمام مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسی کوٹ سلطان سٹی کے چیئر مین جانی خان تنگوانی نے کہا کہ اگر ان کو دفتر نہ دیا گیا تو آج وہ پہلا اجلاس باہر سڑک پر کریں گے۔