اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ اتوار 28 مئی کو ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں بعض مقامات پر مطلع ابر آلود اور بعض پر صاف تھا لیکن پاکستان کے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے بھی ملک کے کسی بھی علاقے سے چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کردی ہے جبکہ سپارکو نے پسنی اور گوادر میں ٹیلی سکوپ بھی نصب کیے لیکن ان سے بھی چاند نظر نہیں آیا۔ جامعة الرشید کراچی کے ملک بھر میں قائم 3500 مراکز سے بھی عدم رویت کی رپورٹ آئی جبکہ ہزارہ ڈویژن کے 6 اضلاع میں علما نے الگ سے اہتمام کیا اور وہاں سے بھی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔
انہوں نے رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں 1438 ہجری کا پہلا روزہ اتوار 28 مئی 2017 کو ہوگا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/26-May-2017/583800