لیہ(صبح پا کستان ) ضلع لیہ میں 6سستے رمضان بازار 24مئی سے فنکشنل کرنے کے لیے تما م انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جن سے صارفین کو مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پراشیائے خورد نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے سستے رمضان بازاروں کے انعقاد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلا س میں فوکل پرسن سستے رمضان بازار اے سی کوراڈی نیشن سلمان تنویر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ لیہ ،کوٹ سلطان ،چوک اعظم ،چوبارہ ،فتح پور اور کروڑ لعل عیسن میں ضلعی انتظامیہ ،میونسپل کمیٹیوں ،محکمہ زراعت،مارکیٹ کمیٹی ،لائیوسٹاک ،انٹرپرائزز و انڈسٹری کے تعاون سے سستے رمضان بازار 24مئی سے لگائے جارہے ہیں۔جن میں صارفین کو پھل ،سبزیاں ،کچن ایٹمز،چینی ،دالیں ،مشروبات ،گھی، مصالہ جات،گوشت ،آٹاودیگر اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔سستے بازاروں کی مانیٹرنگ کے لیے انتظامی افسران خدمات سرانجام دیں گے اور سیکورٹی کے لیے واک تھرو گیٹس ،سی سی ٹی وی کیمرئے،میٹل ڈکیٹر کا استعمال کرنے کے علاوہ سیکورٹی گارڈزخدمات سرانجام دیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سستے رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خورد نوش کی فراہمی کویقینی بنانے اور صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی کسر نہ اُٹھارکھی جائے ۔اجلاس میں اے ڈی سی جنرل محبوب احمد ،اسسٹنٹ کمشنر لیہ عابد کلیار،اے سی کروڑ محمد تنویر یزداں،اے سی چوبارہ صفات اللہ خان،ڈی او انڈسٹری محمد عبداللہ،ڈی او تعلیم ذوالفقار علی ،سول ڈیفینس آفیسر خالدکریم قریشی،میونسپل افسران،مارکیٹ کمیٹی ،زراعت،لائیوسٹاک اورسیکورٹی افسران نے شرکت کی۔