راجن پور( صبح پا کستان )آج تجدید عہد کا دن ہے نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے پاکستان کا قیام مسلمانوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہمیں اپنے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد رکھنا ہے دفاع پاکستان کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رائے محمد ایوب مارتھ ،چیئرمین ضلع کونسل عبدالعزیز خان دریشک ،ڈی پی او عتیق طاہر ،چیئر مین تحصیل کونسل کنور کمال اختر نے 14اگست کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس تقریب میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور بعد میں پرچم کشائی ہوئی ۔اس موقع پر اے ڈی سی جی ،اے ڈی سی آر ،اے سی راجن پور ،ڈی ایم او ،ضلعی افیسران،صدر بار ،علماء کرام ،مسلم لیگی راہنماؤں کے علاوہ بچوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔اس تقریب میں بچوں نے ملی نغمے ،تقاریر اور خاکے پیش کئے ۔ضلع میں کالجز اور سکولوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے آخر میں سی ای او تعلیم ثناء اللہ سہرانی نے ملکی سلامتی کے لئے دعا کرائی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ،چیئرمین ضلع کونسل ،ڈی پی او ،اے سی راجن پور اور دیگر افسران کے ہمراہ کوٹ مٹھن حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کی دربار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی اس موقع پر پرچم کشائی اور تقریب جشن آزادی سے خطاب کیا ۔قبل ازیں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں موجود مریضان میں پھل اور مٹھائی تقسیم کی اور پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔