راجن پور( صبح پا کستان ) عظیم صوفی بزرگ و شاعر ہفت زباں حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے 120ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کا آج آغاز کردیا گیا۔تقریبات کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا جبکہ بعد میں مزار مبارک کو آبِ زم زم اور عرقِ گلاب سے غسل دینے کے بعد چادر پوشی کی گئی۔ غسل اور چادر پوشی کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پور عتیق طاہر، چیئرمین ضلع کونسل راجن پور سردار عبدالعزیز دریشک، سجادہ نشین دربار حضرت خواجہ فریدؒ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، محکمہ اوقاف کے افسران اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ چادر پوشی کے بعد ڈپٹی کمشنر راجن پور و دیگر افسران کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ صوفیا کرام نے ہمیشہ امن وسکون کا درس دیا ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم معاشرہ کو امن و سکون کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرس کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن مدد کی جائے گی اور آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مورخہ 26دسمبر2017بروز منگل کو ضلع بھر میں مقامی تعطیل ہوگی ۔ بعد ازا ں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، چیئرمین ضلع کونسل اور دیگر افسران کے ہمراہ دربارکے قریب حمزہ کمال فرید پارک میں انتظامیہ کی جانت سے قائم کئے گئے مختلف امدادی کیمپوں اور زائرین کے لیے بنائی گئی آرام گاہ کاا بھی دورہ کیا۔ اور زائرین کے لیے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جن محکموں کی جانب سے امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں ان میں اوقاف، ریسکیو1122، سول ڈیفنس، واپڈا،پی ٹی سی ایل، صحت، میونسپل کمیٹی، پولیس اور دیگر محکمہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ تمام کیمپوں میں عملہ اور آفیسرز 24گھنٹے موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت سے بروقت نمٹا جاسکے۔