راجن پور( صبح پا کستان )صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ضلع راجن پور کے مختلف گندم خرید مراکز کا دورہ کیا اور انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کاشتکاروں کے حقوق و تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں ۔باردانہ کی تقسیم شفاف ہو گی ۔مڈل مین کا کردار ختم کر دیا گیا ہے ۔میرٹ کی پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔گندم خرید کے اہداف کو وقت پر مکمل کیا جائے ۔چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی جائے ۔تاکہ معاشرے میں نچلی سطح تک خوشحالی لائی جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد ،ڈی پی او عرفان اللہ ،اسسٹنٹ کمشنر راجن پور شاہد محبوب،ڈی ایف او میاں پرویز ،جی اے آر کامران بخاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر خوارک نے تحصیل روجھان ،راجن پور اور جام پور کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سنٹرز میں آنے والے کسانوں کی سہولیات کے لئے کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹیلی فون نمبرز آویزاں کئے جائیں تاکہ کاشتکار کسی شکایت کی صورت میں براہ راست رابطہ کر سکیں انہوں نے کہا ہے کہ گندم ہم صرف کاشتکاروں سے ہی خریدیں گے ۔آڑھتی اور مڈل مین کہیں بھی سنٹر پر نظر آئیں تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی اور سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔جو پنجاب حکومت کسانوں کو سہولیا ت فراہم کر رہی ہے ان کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔