راجن پور( صبح پا کستان )23مارچ یوم پاکستان کے دن ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ ملکی دفاع ،عزت و ناموس ،سلامتی و ترقی کے لئے ہم سب ایک ہیں ۔آج کے دن ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے لئے قربانیاں دی ہیں ۔قرار داد پاکستان کی روح آج بھی تلاش میں ہے ۔23مارچ 1940ء کو مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے لئے قرارداد پیش کی گئی کیونکہ مسلمانوں کا مذہب ،رہن سہن ،تہذیب و تمدن دوسری قوموں سے علیحدہ ہے ۔آج ہم سب کو دو قومی نظریہ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد ،چیئرمین ضلع کونسل عبدالعزیز خان دریشک ، ڈی پی او عرفان اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد محبوب نے 23مارچ کے سلسلے میں ضلع کونسل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اپنی تمام تر صلاحتیں پاکستان کی سلامتی اور ترقی میں خرچ کریں ،دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیں ۔اس تقریب کے دوران سائرن بجایا گیا ،ایک منٹ کی خاموشی کے بعد ڈی سی ،چیئرمین اور ڈی پی او نے پرچم کشائی کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے ۔اس تقریب میں ضلعی افسران ،چیئر مین ایم سی ،سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔بعد ازاں یوم پاکستان 23مارچ کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی۔جو ریسکیو 1122کے آفس سے شروع کی گئی۔