راجن پور( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنرراجن پور اشفاق احمدچوہدری نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرے ۔جعلی زرعی ادویات کی فروخت کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور جو مقدمات درج ہو چکے ہیں متعلقہ محکمے ان کی پیروی کریں۔یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے کمیٹی روم میں زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر راجن پور شاہد محبوب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد عارف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن الیاس رضا کلاچی،زراعت آفیسر ظفر عارف،کاشکاروں میں سے جمیل خان بزدارکے علاوہ کاشتکاروں اور کسانوں کی تنظیموں کے نمائندہ گان نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد عارف نے محکمہ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی اور کہا کہ محکمہ زراعت کے تمام پروجیکٹس کو بر وقت مکمل کیا جا رہا ہے اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ زرعی مشورے اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔ڈی سی نے کہا کہ کسان کارڈز کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے۔