راجن پور( صبح پا کستان )سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی /کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس عمران منیر نے کہا ہے کہ گنے کی شوگر مل تک سپلائی کے دوران احتیاط برتی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثہ سے بچا جا سکے ۔سموگ کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوجاتی ہے اس لئے سموگ او ر دھند کے وقت سپیڈ کا خاص خیال رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام انڈس شوگر مل کے تعاون سے ’’احتیاطی تدابیر سپلائی کماد اورسموگ ‘‘ کی آگاہی بارے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجر ایڈمن انڈس شوگر مل سید اورنگزیب شاہ،ڈی ایس پی ٹریفک ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت و توسیع ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت و توسیع ملک غلام شبیر،ڈی آئی او اسد اللہ شہزاد،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر محمد اسلم ، زراعت آفیسر حنیف مشوری کے علاوہ کسانوں کے نمائندہ راؤ افسر اور دیگر کاشتکاروں نے شرکت کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنا ہمارے ضلع کی اہم فصل ہے اس کی مل تک سپلائی میں تمام محکمے مل کر کام کرتے ہیں ۔زمینداروں اورکاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ گنے کے ٹرک اور ٹرالیوں میں اور لوڈنگ سے پرہیز کریں ۔تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔آخر میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے حکومت پنجاب کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق کسانوں میں گندم کا تصدیق شدہ بیج بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کیا۔