ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان ).ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجن پور رائے محمد ایوب خان مارتھ نے کہا ہے کہ جیل میں نو عمر قیدیو ں کی فنی تعلیم و تربیت کیلئے جیونائل ، ٹیکنیکل اینڈ ٹریننگ سنٹر کا قیام خوش آئند اقدام ہے جس سے نوعمر قیدیوں کو رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بننے میں مد دملے گی . انہوں نے یہ بات سنٹرل جیل کے ماہانہ موقع کے موقع پر کہی . انہوں نے کہاکہ قیدیوں کے علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام قیدیوں کے ہیپاٹائٹس کے سکریننگ ٹیسٹ کرائے جائیں. جو قیدی ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہو اس کا فوری علاج کیا جائے اور نیگٹو رپورٹ والے قیدیوں کی ویکسی نیشن کرائی جائے . ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل میں کچن ، ہسپتال سمیت قیدیوں کی مختلف بیرکوں کامعائنہ کیااو ران سے ان کے مسائل معلوم کیے . اور جیل انتظامیہ کو خواتین قیدیوں کی صحت پر توجہ دینے کی ہدایت کی . نو عمر وارڈ کے معائنہ کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بتایاگیاکہ ٹیوٹا کے تعاون سے جیل میں قائم جیونائل ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹرز میں نو عمر قیدی بچوں کو کمپیوٹر ، الیکٹریشن ، ٹیلرنگ ، ہوم اپلائنس کے تین ماہ کا کورس کرایا جاتاہے او رکورس کی کامیاب تکمیل پر انہیں سر ٹیفکیٹ دیاجاتاہے جس پر وہ رہائی کے بعد اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے20ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ بھی حاصل کرسکیں گے . انہوں نے جیل میں ڈسٹرکٹ راجنپور سے تعلق رکھنے والے معمولی جرائم میں ملوث پانچ قیدیوں کی درخواستوں کی سماعت کی اورجیل انتظامیہ کو ان کی ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں کو بھجوانے کی ہدایت کی . معائنہ کے دوران سپرنٹنڈنٹ جیل جام محمد آصف اوردیگر افسران ہمراہ تھے .