راجن پور( صبح پا کستان )کاشتکار پاکستان کی ریڑ ھ کی ہڈی ہیں ۔کاشتکار ی نئی جدت کے ساتھ کریں اور نئی ٹیکنالوجی اپنا کر پیداوار بڑھائیں ۔یہ باتیں ڈائریکٹر جنرل زراعت( توسیع )پنجاب سید ظفر یاب حیدر نقوی نے راجن پور کے کاشتکاروں میں کپاس کے مفت بیج کی تقسیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سردار عبد العزیز خان دریشک،ڈائریکٹر زراعت( توسیع) شفقت حسین بھٹی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت( توسیع )ملک غلام شبیر،زراعت آفیسر ان محمد حنیف خان مشوری،صغیر احمد قریشی،ریاض حسین برمانی،محمدحیات بیگ،محمد ظفر اللہ عارف اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈی جی زراعت نے کہا کہ کاشتکاروں کو بروقت کپاس کا تصدیق شدہ بیج فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس میں جڑی بوٹیوں کا تدارک کیمیائی طریقہ سے کریں۔تقریب سے چیئرمین ضلع کونسل سردار عبد العزیز خان دریشک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس راجن پور کی پہچان بن چکی ہے۔بیج کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو کھاد اور زرعی آلات کا پیکج دینا بھی حکومت پنجاب کی کسان دوستی کا ثبوت ہے۔محکمہ زراعت کے آفیسران نے تقریب کے دوران بتایا کہ کپاس کے پیداواری مقابلہ میں کسانوں کو انعامات بھی دئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع راجن پور میں 638کاشتکاروں کو کپاس کا مفت بیج تقسیم کی جا رہا ہے۔تقریب میں سٹیج سیکریٹری کے فرائض زراعت آفیسر محمد حنیف خان مشوری نے سرانجام دیئے اور اس موقع پر سابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سید امداد حسین بخاری نے خصوصی شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔