راجن پور( صبح پا کستان) عصر حاضر میں ریسکیو 1122کی خدمات دکھی اور مصیبت میں گھرے لوگوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہ ہے ۔ریسکیو 1122واحد سرکاری ادارہ ہے جوبلاامتیاز دکھی اور مصیبت میں گھرے لوگوں کو ریلیف مہیا کرتا ہے ۔چاہے اندھی ہویازلزلہ ، آگ ہو یا سیلاب ریسکیو1122کے جانباز نوجوان اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نظر آتے ہیں اور انسانیت کو ریلیف فراہم کرنے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے ریسکیو 1122کے افسران اور ریسکیورز کی کاوشیں ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں ۔نیلاب چلڈرن اینڈ وومن ڈویلپمنٹ کونسل کی جانب سے ریسکیو 1122کے افسران اور دوسرے ملازمین کے لئے اعتراف خدمات کی تقریب کا انعقاد اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد تقریب ہے ۔تقریب کے انعقاد پر سینئر صحافی و سماجی شخصیت آفتاب نواز مستوئی اور ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے دن رات لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کرنے والے اداروں ،افسران اور ملازمین کے جذبہ حب الوطنی اور کارکردگی سے بھی آگاہی حاصل ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار مقررین نے میونسپل کمیٹی جام پور میں نیلاب چلڈرن اینڈ وومن ڈویلپمنٹ کونسل کی طرف سے ریسکیو 1122راجن پور کی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کے روح رواں اور میزان سینئر صحافی وسماجی شخصیت جام پور آفتاب نواز مستوئی تھے۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل وویلفیئر راجن پورمحترمہ شازیہ نواز نے کی جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی جام پور حاجی محمد اکرم قریشی تقریب کے مہمان خصوصی تھے دیگر مہمانان میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122ڈاکٹر محمد اسلم ،ایمرجنسی آفیسر رانا محمد یامین ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسد اللہ شہزاد ،کنٹرول روم انچارج چوہدری راحت ،سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(دستور) امجد فاروق ڈاہا،چیئرمین یونین کونسل ہڑند سردار شیراز خان گورچانی اور معروف سیاسی وسماجی شخصیت اظہر خان گوپانگ تھے ۔تقریب میں ریسکیو1122کی کارکردگی اور خدمات پر روشنی ڈالی گئی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔مہمانان اور شرکاء میں نیلاب چلڈرن اینڈ وومن ڈویلپمنٹ کونسل کی جانب سے شیلڈ ز بھی تقیسم کی گئیں۔سماجی وشہری حلقوں نے نیلاب چلڈرن اینڈ وومن ڈویلپمنٹ کونسل کی انتظامیہ کی اس کاوش کو سراہا۔