راجن پور ( صبح پا کستان )لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے آٹھ رکنی میونسپل مصالحتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام شامل ہیں۔جو لوگوں کے فائدے کے لئے کام کرے گی ۔اس کمیٹی کے چیئر مین مولانا قاری محمود الحسن قاسمی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیئر مین میونسپل کمیٹی راجن پور کنور کمال اختر نے تقریب حلف برداری مصالحتی میونسپل کمیٹی سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ کمیٹی راجن پور کے غریب لوگوں کے مسائل حل کر کے اپنا مثالی کردار ادا کریں گے۔یہ کمیٹی بلا تفریق ، بلا امتیازاوربلا معاوضہ فریقین کے درمیان صلح کرانے میں کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے وائس چیئر مین چوہدری نعیم ثاقب ،ندیم قریشی،قاری محمود الحسن قاسمی نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمارا ضلع امن کا گہوارا ہے اورانشاء اللہ امن کی مثال کو ہم برقرار رکھیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں مساوات اور انصاف قائم ہو وہ ہمیشہ ترقی کرتا ہے۔ہم سب مل بیٹھ کر ایک دوسرے کی مشاورت سے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔بعد ازاں مصالحتی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین اور ارکان سے کنور کمال اختر نے حلف لیا۔اس موقع پر ممبرمیونسپل کمیٹی حافظ بلال احمد سومرو،جمیل بھٹی،انور بھٹی ،کلیم اللہ تگہ اور دیگر معززین شہر اور مسلم لیگی راہنماؤں نے شرکت کی۔