لاہور( مانیٹرننگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016 کی منظوری دی گئی، نئے بلدیاتی نظام میں ڈی سی او کا عہدہ ختم، ڈی سی او کی جگہ ڈپٹی کمشنر آفس کام کرے گا، نیا بلدیاتی نظام 2 جنوری کو نافذ العمل ہوگا۔
نجی ٹی وی نیوز42کے مطابق صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزنے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی میٹنگز کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016ء کی منظوری دی گئی جس کے بعد بلدیاتی حکومتوں کو صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ 2016 ء کے تحت 391 ارب روپے ملیں گے۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی حکومتیں 2 جنوری 2017 کو معرض وجود میں آئیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنائیں گے اور انہیں مالیاتی خود مختاری بھی دیں گے جبکہ اختیار اور ذمہ داری کے ساتھ جوابدہی بھی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو رواں مالی برس ملنے والے فنڈز میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا۔ صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ 2016 کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو 391 ارب روپے ملیں گے۔ گزشتہ برس اس ضمن میں 274 ارب روپے دیئے گئے تھے۔ ترقیاتی فنڈ کسی اور مد میں استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی یونین کونسلز کو یکساں فنڈز دیئے جائیں گے، سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2016 کے تحت نئے نظام میں ڈی سی او کا عہدہ ختم ہو جائے گا۔ ڈی سی او کی جگہ ڈپٹی کمشنرآفس کام کرے گا۔ سیفٹی کمیشن اور پولیس کمپلینٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔
اجلاس میں جعلی و غیر معیاری ادویات کے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سزائیں اور جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
source .http://city42.tv/top-stories/2016/12/30/punjab-civil-administration-ordinance-2016-approved/