لاہور( مانیٹرننگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔
سٹی 42نیوز کے مطا بق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ماڈل ٹاون میں ہوا، اجلاس میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے اور فرقہ واریت کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے باعث دہشت گردی اور فرقہ واریت کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور نیشنل ایکشن پلان پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور دہشت گرد اور ان کے سہولت کار پاک دھرتی کا ناسور ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
اجلاس میں مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ ٹین ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک تھے۔