ملتان (مانیٹرننگ ڈیسک) ہیڈ محمد والا کے قریب مسافر وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت جھلس کر 6 افراد جاں بحق اور 24 جھلس گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک خاندان کے لوگوں نے چوک منڈا سے ایک نجی مسافر گاڑی کرائے پر حاصل کی تھی تاکہ وہ اولیا کی سرزمین ملتان جا کر بہاﺅالدین زکریا ملتانی سمیت دیگر اولیا کے مزارات پر حاضری دے سکیں ۔ لیکن ہیڈ محمد والا کے قریب ہی افسوسناک سانحہ پیش آگیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑی ٹائر پھٹنے کے باعث دریا کے کنارے لگے ہوئے بیریئرز سے ٹکرا گئی اور اس میں فوری طور پر آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد وین کی اگلی نشستوں پر بیٹھے افراد تو فوری طور پر گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے جس کی وجہ سے انہیں معمولی نقصان پہنچا ۔ گاڑی کے پچھلے حصے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو آگ لگنے کے باعث گاڑی سے نہ نکل سکی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے مسافر وین میں سی این جی سلنڈر موجود تھے اور جب گاڑی بیریئر سے ٹکرائی تو گیس سلنڈر لیگ ہوگئے اور گاڑی میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اس میں فوری طور پر آگ لگی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلسنے کے باعث 4 خواتین سمیت 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 افراد آگ سے جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جن میں سے اکثر کی حالت سخت نازک ہے۔ وین میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں بری طرح جھلس گئی ہیں جن کی شناخت کرنا بھی ممکن نہیں ہو پا رہا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس جگہ آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا وہاں قریب ہی کچھ مقامی افراد موجود تھے جبکہ وہاں پولیس چوکی بھی تھی جنہوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں جبکہ جلد ہی ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کرکے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پایا اور زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/02-Jul-2017/602141