ملتان( صبح پا کستان ) ملتان کے جلسہ کے لئے ہم نے دن رات ایک کر دیا، جلسہ میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہو گا ،ملتان کا جلسہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اورمحترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے جلسوں کی یاد تازہ کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی ملتان کینٹ کے صدر عبدالحق خان نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیخ کاشف وارثی، نبیل خان، وقاص خان، عدنان خان، کنیل جتوئی، بابا ظہیر، سید تنویر گیلانی، جاویدا قبال، شاہد شاہ، قیصر عباس جوئیہ، راشد موٹا، فرحان خان ، علی شاہی حلیم والا سمیت دیگر کارکن موجود تھے۔عبدالحق خان نے مزید کہا کہ ہمارا کسی بھی پارٹی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے آئندہ عام انتخابات میں جو پارٹی بھی الیکشن لڑے گی اپنے منشور اور کام کی بنیاد پر لڑے گی لیکن پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی طور پر ترقیاتی کام کئے چاہے وہ دور شہید بھٹو کا ہو یا محترمہ بے نظیر کا یا 2008کا ہو عوام کی بہتری کے لئے کام کئے اور سب سے زیادہ ترقیاتی کام کئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی ملتان میں ہو نے والے جلسہ میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اپنے منشور کا اعلان کریں گے اور آئندہ الیکشن ہم اپنی پرفارمنس اور منشور کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ عوام اپنے حقیقی قائد بلاول بھٹو کا خطاب سننے کے لئے جلسہ میں شرکت کریں ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار پر آکر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کو آئین دیا۔ کارکن جیالے اپنے قائد اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے لاڈلے چیئرمین بلاول بھٹو کی 15 دسمبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں تاریخی خطاب سننے اور ان کی جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں۔ عبدالحق خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی اقتدار کی سیاست کرنے والوں کا انجام دنیا دیکھ رہی ہے ۔پیپلز پارٹی غریب لوگوں کی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر پیپلز پارٹی غریب لوگوں کی وجہ سے ہی ابھر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جھوٹ اور سچ کی سیاست کو جان چکے ہیں انشاء اللہ ملتان کا جلسہ تاریخی ہو گا جس میں عوام کا ایک بڑا سمندر ہو گا اور یہ جلسہ ثابت کردے گا کہ پیپلز پارٹی آج بھی وفاق کی علامت ہے اور ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے ۔