ملتان( صبح پا کستان )سوئزرلینڈ میں حالیہ جو بینرز آویزاں کئے گئے ہم بلوچ اس کی مذمت کرتے ہیں۔چیف زادہ میر طارق حسین مسوری بگٹی سابقہ ایم پی اے ڈیرہ بگٹی نے ملتان میں میڈیا کو اپنی اور قوم کی جانب سے حالیہ تشویشی لہر کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے راہمدغ بگٹی کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک شخص ہے جو کہ پناہ گزین کی حیثیت سے سوئزرلینڈ گیا تھا اور سیاسی پناہ طلب کی تھی حالانکہ اصل حقائق یہ ہے کہ راہمدغ بگٹی بلوچستان یا بلوچوں کی خاطر سوئزرلینڈ نہیں گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ راہمدغ بگٹی کو قبائل کی سرداری درکار تھی مگر نہ تو یہ سردار بننے کے حق دار ہے نہ قبائل نے اس کو سردار بنایااور اس کے ساتھ ساتھ نہ اسکو عوامی نمائندگی کبھی ملی۔ طارق حسین مسوری بگٹی نے کہا کہ راہمدغ بگٹی کو یقین ہوگیا ہے کہ بگٹی قبائل کبھی میری دستاربندی نہیں کریگی تو پھر انہوں نے اپنی ذاتی مفاد کو بلوچ اور بلوچستان کے حقوق کا نام دے کر سوئزرلینڈ سے سیاسی پناہ مانگی۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ راہمدغ بگٹی بلوچ اور بگٹی کا نمائندہ کبھی نہیں بن سکتا۔کیونکہ میرا تعلق ڈیرہ بگٹی سے ہے اور میں چیف آف بگٹی علی محمد بگٹی کا بیٹا ہوں اور میں اپنے قبائل کے رسوم ورواج سے واقفیت بھی رکھتا ہوں۔ طارق بگٹی نے کہا کہ راہمدغ بگٹی نہ تو ہمارا سردار ہے اور نہ ہی کوئی وڈیرے کی حیثیت رکھتا ہے۔ بگٹی قبائل میں صرف فرد واحد کی حیثیت رکھتا ہے جسے ہم تسلیم کرتے ہیں اس سے زیادہ اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔