ملتان (ما نیٹرننگ ڈیسک )سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے وزیر اعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا بینچ پاناما کیس کی سماعت کا حق کھو چکا ہے ، انہیں سماعت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ کیس سننے کا حق نہیں رکھتے۔دنیا کی کسی عدالت نے کبھی جے آئی ٹی نہیں بنائی ۔ملک کیلئے جب بھی قربانی دینے پڑی سیاستدانوں نے دی ، جرنیلوں اور ججوں سے کوئی نہیں پوچھ سکتا ۔عمران خان سچا آدمی ہے ، اختلا ف ایشوز پر کیا تھا اگر وہ کہہ دیں کہ میری باتیں جھوٹ تھیں تو میں ان سے معافی مانگ لو ں گا ۔”ملک کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں “۔ہو سکتا ہے آج میرے سیاسی کیرئیر کی آخری پریس کانفرنس ہو۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ خواجہ آصف ، رانا تنویر اور ایک اور وزیر نے مجھے مارا پیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا اور پارٹی میں رہنے کے قابل نہ چھوڑا ،مجھ پر تشدد کرنے والے تین افراد کو نوازشریف نے وزیر بنا دیا ۔نوازشریف نے کبھی مجھے پسند نہیں کیا اور نہ ہی شوق سے ٹکٹ دی بلکہ شیخ رشید کو میرے اوپر چیکر لگا دیا ۔ شیخ رشید پہلے میرا پھر نوازشریف کا اور اب عمران خان کا درباری بنا ہوا ہے۔”میں موجودہ جمہوریت کو جمہوریت نہیں کہتا “۔ لوگوں کا انصاف چاہیے ۔”میں نہیں کہتا کہ نوازشریف چور نہیں ہے “۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ چیف جسٹس چلا جائے گا تو بعد میں آنے والے پارلیمنٹ کو توڑ دیں گے ، میں نے کہا کیا یہ مارشل لاءنہیں ہو گا تو عمران خان نے کہا کہ جب جج حکومت توڑ دیں گے تو کون مارشل لاءکہے گا ۔نوازشریف نے میرے لیے کتنی رکاوٹیں کھڑی کیں کسی کو اندازہ نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاست کے 50سال گزار چکا ہوں ، عمران خان نے مجھے پارٹی کا صدر بنایا ۔سیاسی کیرئیر میں کئی اتار چڑھاﺅ دیکھے ۔ تین جرنیلوں نے آئین معطل کیا کبھی کسی نے ان سے نہیں پوچھا ۔کبھی کسی نے جرنیلوں کا احتساب کیا ؟میاں صاحب کی کچن کیبنٹ کے کبھی قریب بھی نہیں گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف چوری چھپنے فوج سے بھاگ گیا تھا پھر اس کو پکڑ کر لائے اور اب بادشاہ بن کر باتین کرتا ہے۔ عمران خان بھی مجھ سے ناراض ہیں اور نوازشریف بھی ، پہلے عمران خان کے پاس دھاندلی کا معاملہ تھا اور اب پاناما لیکس کا ہے۔ اس ملک میں کوئی بھی صادق اور امین نہیں ۔ نوازشریف پیچھے چلے جائیں ، پارٹی آپ کی ہے اور وزیر اعظم بھی آپکا ہو گا ۔
source …
http://dailypakistan.com.pk/multan/12-Jul-2017/607693