ایم پی اے کے حواریوں نے کھڑی گندم کو آگ لگا دی ۔ پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی انصاف دلایا جائے ۔ چوہدری صادق
لیہ(صبح پا کستان) طاقت کے نشے سے چور ایم پی اے نے غریب کسان کا رقبہ اپنے نام کرا کے زبردستی قبضہ کر کے کھیتوں میں کھڑی گندم کو آگ لگا دی، پولیس ایم پی اے کے آگے بے بس ،سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گوجر کی مذمت۔ تفصیل کے مطابق جمن شاہ کے نواحی علاقہ لدھانہ روڈ پر واقع محبوب مائنر پر مقیم چوہدری صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عرصہ داراز سے اپنی وارثتی زمین پر رہائش پذیر ہے مگر مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی مہر اعجاز احمد اچلانہ جو طاقت کے نشے سے چور ہیں نے محکموں کی ملی بھگت سے میری سات ایکٹر زرعی اراضی پر ایم پی اے کے حواریوں نے گزشتہ روز قبضہ کرنے کے لئے کھیتوں میں کھڑی گندم میں سے دو ایکٹر کو آگ لگا دی جبکہ باقی گندم کو تھریشر کی مدد سے گندم بنا کر ساتھ لے گئے جس کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔ چوہدری محمد صادق نے بتایا کہ قبضہ کرنے کے دوران منع کرنے پر ایم پی اے کے حواریوں نے مجھے اور میری بوڑھی بیوی کو شدید تنقید کانشانہ بنایا جو اس وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں زیر علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو متعدد بار کال کی گئی مگر پولیس نے بے بسی کا اظہار کیا جس پر سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گجر نے تھانہ صدر لیہ کی پولیس سے رابطہ کیا جو بہت دیر بعد پہنچی اور وقوع کو دیکھنے کے بعد چلی گئی اور تاحال کوئی کارروائی نہ کی اور نہ ہی میری ایف آئی آ ر درج کی جارہی ہے۔ چوہدری محمد صادق نے وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او ، ڈی پی او سے مطالبہ کیا کہ اس کی داد رسی کی جائے ورنہ وہ اپنے بچوں سمیت خود کشی کرلے گا۔ جب ایم پی اے مہر اعجاز احمد اچلانہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا۔ سابق ایم پی اے چوہدری اصغر علی گجر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے غریب کسان کی فصل جلانے اور لاکھوں روپے کی گندم ساتھ لے جانے کو زیادتی قرار دیتے ہوئے غریب کا انصاف کی فراہمی کامطالبہ کیا۔
رپورٹ ۔ مہر زاہد سرفراز واندر پریس رپورٹر