لیہ(صبح پا کستان) غیر سرکاری تنظیمیں سماجی بھلائی کے تمام پراجیکٹس ضلع بھرکی 48یونین کونسلوں میں یکساں بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ مجموعی طور پر ضلع لیہ کے 16لاکھ سے زائد مکینوں کو مستفید کیا جاسکے ۔یہ بات چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے محکمہ سوشل ویلفیئر اور غیر سرکاری تنظیموں کے جاری پراجیکٹس کے جائزہ اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر ظفر اقبال کھارا ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر مشتاق حسین، میڈیکل سوشل ویلفئیر آفیسر احمد نواز کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندہ گان نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفئیرنے سماجی بہبود بیت المال ،کیمونٹی سنٹر ،صنعت زار ،دار الامان ،سپیشل بچوں کے سکولز کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات جبکہ غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندہ افراد نے صحت ،تعلیم ،زراعت ،سینٹیشن ،ہنر مندی کے مختلف پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوے چیئرمین ضلع کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پراجیکٹس ضلع کی تینوں تحصیلوں کی یونین کونسلوں میں یکساں بنیادوں پر شروع کیے جائیں تاکہ ضلع بھر کی تمام عوام مستفید ہوسکے ۔