لیہ(صبح پا کستان) ضلع لیہ کے نواحی علاقہ فتح پور میں ایم ایم روڈ پر سکول وین اور ٹرک کے تصادم میں 5بچوں سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ 14افرادزخمی ہو گئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں محمد سبحان ،مریم ،ماریہ ،عبدالصمد ،محمد معاذ،علیم ڈرائیوراور کامر ان شامل ہیں۔جبکہ زخمیوں میں قمر ،شایان ،اسد شہزاد ،عائشہ ،نغمہ شیریں،عائشہ صدیقہ ،ارم شہزادی ،احمد رضا،ذوحہ ایاز،ابھیحہ ایاز،شمیم اختر،خالد ہ ،فاطمہ اور ریحان شامل ہیں۔ شدید دھند حادثہ کا سبب بنی ۔سکول وین میں بچے اور ٹیچر سکول آرہے تھے۔
حادثہ کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ فوری طورمیں موقع پر پہنچے ۔ریسکیو سرگرمیوں کے لیے14 ایمبولینس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو فوری طورپرٹی ایچ کیو ہسپتال و ٹراما سنٹر فتح پور میں پہنچانے ،تین شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان جبکہ دو زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ پہنچایا گیا۔اس ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے کی جبکہ ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سواگ ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ،اے ڈی سی ریونیو نعیم اللہ بھٹی،اے سی کروڑ محمد تنویر یزداں ،اے سی چوبارہ صفات اللہ خان،ممبرامن کمیٹی رانا اعجاز سہیل نے بھی موقع پر پہنچ کر ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ڈی سی ،ایم این اے،چیئرمین ضلع کونسل نے زخمیوں کی عیادت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے زخمیوں کے لیے خون و ضروری ادویات کے لیے ہدایت دیں اور تمام ریسکیو آپریشن کے مکمل ہونے تک موقع پرموجود رہے۔