لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی کے توسط ٖغریب افراد کو مفت قا نو نی امداد فراہم کریں گے ، چوہدری نوید گجر نو منتخب صدر ڈی بی اے
لیہ(صبح پا کستان)غریب افراد کو مفت قانونی امداد کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، کمیٹی میں ججز ، وکلاشامل ہیں ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری نوید احمد گجر ایڈووکیٹ، سابق صدر شیخ سیف اللہ سعید نے لیہ پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وکلاکے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ پنجاب بھر میں صرف ضلع لیہ میں وکلا کالونی موجود ہے جس میں وکلا کو میرٹ پر پلاٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ چوہدری نوید گجر کا کہنا تھا کہ پرانے کیسز کے جلد حل کے لئے ججز سے بات کی گئی ہے تاکہ لوگوں کو جلد انصاف مہیا ہو سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب افرادکو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں ایڈیشنل جج، سینئر سول جج، صدر، سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار اور سول سوسائٹی کے ممبران شامل ہیں ۔ چوہدری نوید احمد گجر کا کہنا تھا کہ لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی میں 15وکلا رکھے گئے ہیں جو لوگوں کو قانونی امداد فراہم کرنے کے پابند ہیں ۔ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی شیخ سیف اللہ سعید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وکلا کالونی پر قابض غیر قانونی افراد سے قبضہ واگزار کر ا لیا گیا ہے اور نوجوان وکلا میں پلاٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان وکلا کی تربیت کے لئے ماہانہ کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ بار میں لیکچر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں سینئر وکلا، ججز نئے آنے والے وکلا کو لیکچر دیتے ہیں۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر پریس رپورٹر