لیہ(صبح پا کستان) ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی، منیجر ماڈل بازار کی نا اہلی، ماڈل بازار میں رمضان بازار قائم کرنے کی کوشش، زبردستی دوکانیں خالی کرانے پر تاجروں کا بازار بند کر کے احتجاج، لیہ میں سستا رمضان بازار قائم نہ ہو سکا، انتظامیہ نے زبردستی سامان دوکانوں سے نکال کر باہر پھینک دیا، زبردستی دوکانیں خالی کرا کے ہمارے روزگار پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے: متاثرین ، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے بازار نہیں کھولیں گے: دکاندار، دوکانیں خالی کرا کر دوسری جگہ ایڈجسٹ کر رہے ہیں: عابد کلیار تفصیل کے مطابق ضلع لیہ میں 6 سستے رمضان بازاروں کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے سستے رمضان بازار عوام کو سہولیات دینے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ لیہ شہر میں ماڈل بازار میں سستے رمضان بازار کو قائم کرنے کی کوشش میں دکانداروں کا استحصال جاری ہے جسے دوکانداروں نے ماننے سے انکار کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ عابد کلیار کی جانب سے ماڈل بازار میں قائم دو دوکانوں کا سامان زبردستی دوکانوں سے نکلوا کر باہر پھینکوا دیا جس پر دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے پورے ماڈل بازار کو بند کر کے باہر دھرنا دے دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام پر دوکانداروں میں عدم تحفظ کی لہر دوڑ گئی۔ متاثرہ دوکانداروں نے بتایا کہ منیجر ماڈل بازار جواد ظہیر سے باقاعدہ کنٹریکٹ کر کے دوکانیں حاصل کی ہیں اور گزشتہ 6 ماہ سے دوکانوں کا باقاعدہ کرایہ دے رہے ہیں اب ہمیں کہا جا رہا ہے کہ دوکانیں خالی کر دو اور کہیں اور چلے جاؤ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے انکار پر اسسٹنٹ کمشنر کے کارندوں نے ہمارا لاکھوں روپے کا سامان دوکانوں سے زبردستی اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ ماڈل بازار کے دوکانداروں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سے قبل بھی دوکانیں خالی کرانے کیلئے ذلیل کیا جا رہا ہے اور بعض دوکانیں خالی بھی کرا لی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ہمارے بچوں کو بھوکا مارنا چاہتی ہے ہمارے روز گار پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے جس کے تحفظ کیلئے ہم ہر اقدام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماڈل بازار منیجر جواد ظہیر کی نااہلی کی وجہ سے آج ہم ذلیل ہو رہے ہیں۔ ہم بروقت کرایہ دیتے ہیں ہم دوکانیں خالی نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھول میں نہ رہے ہم سے دوکانیں خالی کرائی گئی تو ہم بازار کو کھلنے نہیں دینگے۔ سستا رمضان بازار بند ہونے کی وجہ سے دور دراز سے خریداری کیلئے آئے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شدید گرمی میں بغیر سامان خریدے واپس گھروں کو جانا پڑا۔ شہری نے ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ماڈل بازار کی جگہ سستا رمضان بازار قائم کرنے کی بجائے الگ رمضان بازار قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عابد کلیار نے بتایا کہ ہم نے دوکانداروں کو دوکانیں خالی کرنے کا کہا تھا نہ کرنے پر زبردستی کی گئی۔ ہم ان کو کہیں اور ایڈجسٹ کر دینگے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سستا رمضان بازار دوکانیں زبردستی خالی کرانے پر بند رہ چکا ہے اور دوکاندار سراپا احتجاج رہے ہیں۔ جبکہ تحصیل چوبارہ میں قائم ماڈل بازار کو بھی بند کر کے کہیں شفٹ کیا جا چکا ہے۔