لیہ (صبح پا کستان)ضلع کونسل لیہ 11کروڑ 30لاکھ 70ہزار روپے کی لاگت سے 149ترقیاتی منصوبے مکمل کررہی ہے ۔عوامی فلاح و بہبودکے ان منصوبوں سے دوردراز دیہی علاقوں کے مکینوں کو ترقی کے ثمرات سے یکساں طور پر مستفید کرتے ہوئے جدید اور معیاری سماجی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایاجارہا ہے ۔یہ بات چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے ضلع کے مختلف علاقوں میں تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں کی سائیٹس کے معائنہ کے موقع پر کہی۔چیف آفیسر خالد اقبال ملک ہمراہ تھے۔چیئرمین ضلع کونسل نے ترقیاتی منصوبوں کو اعلی تعمیراتی میٹریل سے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے موثر مانیٹرنگ متعلقہ ممبران ضلع کونسل کی معاونت و مشاورت سے کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام تمام ممبران ضلع کونسل کی رہنمائی و مشاورت سے کیے جائیں گے اورفنڈز کی بلاتفریق مساویانہ تقسیم کویقینی بنا کر دوردراز پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا ضلع کونسل لیہ کے دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور انہوں نے اس تاثرکو غلط قرار دیا کہ ضلع کونسل کے فنڈز استعمال میں نہیں لائے جارہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کونسل کو ٹیکنیکل سٹاف کی کمی کا سامنا ہے جسے صوبائی حکومت کی معاونت سے پور ا کیا جارہا ہے اور جلد ہی متعلقہ سٹاف ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کردئے گا۔علاقہ مکینوں نے ضلع کونسل کے تحت 149ترقیاتی منصوبوں کے اجراء پر چیئرمین ضلع کونسل کی کاوشوں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ کھیت سے منڈیوں تک بہتر ذرائع آمدورفت کی فراہمی سے کاشت کاروں کو اپنے اجناس پھل و سبزیاں منڈیوں تک بہتر رسائی سے معاشی طور پر مستفید ہونے کا موقع آئے گا جو ضلع کی دیہی عوام کی ترقی کا ضامن ثابت ہوگا۔