لیہ تھل میلہ ودوسری جیپ ریلی جنگل میں منگل کا سماں
تحریر:عبدالرحمن فریدی
نفسا نفسی کے اس دور میں لوگوں کو گھٹن کے ماحول سے نکالنے کیلئے ضلع بھر میں مختلف اوقات میں چھوٹے بڑے تفریحی پروگرام کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہتا ہے جن میں اولیا کرام کے عرس،گندم کی فصل کی کٹائی سے قبل لوگوں کیلئے تفریح کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیاں ہوتی ہیں حضرت عنایت شاہ کے عرس کے موقع پر ایشیاء کی سب سے بڑی اونٹوں کی منڈی،حضرت لعل عیسن کروڑ کے عرس کے موقع پر چودھویں کا میلہ کے موقع پر زرعی آلات و جانوروں کی خرید وفروخت کے علاوہ تفریخ پروگرام سے لوگوں کو تفریخ کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کا سبب بن رہے ہیں گذشتہ سال سے ضلع لیہ میں ہونے والے پروگرامز میں لیہ تھل میلہ و تھل جیپ ریلی کے اضافہ سے لوگوں کی تفریح کیلئے ایک بہت بڑے ایونٹ کا اضافہ ہوا ہے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب نے چولستان کی جیپ ریلی کی کامیابی کے بعد مظفر گڑھ اور لیہ کے ریت کے ریگزاروں میں گذشتہ سال تھل جیپ ریلی کا انعقاد کیا جس کے کامیاب انعقاد کے بعد امسال بھی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب نے تھل جیپ ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا چولستان جیپ ریلی گذشتہ 11سال سے ہورہی ہے گیارہ سال کی محنت مشقت کے بعد چولستان جیپ ریلی میں 90ریسرز کے مقابلہ جات ہوئے جبکہ ضلع مظفر گڑھ اور ضلع لیہ کی حدود میں منعقد کی جانے والی دوسری تھل جیپ ریلی میں ہی 90سے زائد ریسر کے درمیان184کلومیٹر دو طرفہ کے ٹریک پر 4گیٹیگری کے مقابلہ جات ہوئے، جو اس علاقہ میں لوگوں کی مہمان نوازی اور تفریحی سرگرمیوں میں دلچسپی کو عیاں کرتی ہے،گذشتہ جیپ ریلی کے ونر صاحبزادہ سلطان احمد علی اپنی چیمپئن شپ کا دفاع کریں گے جبکہ نامور جیپ ریسر میر نادر مگسی،رونی پٹیل و دیگر چیمپئن بننے کیلئے اپنی گاڑیوں کو دوڑائیں گے جیپ ریلی کے موقع پر ہونے والے گذشتہ سال کی جیپ ریلی کے دوران ضلعی انتظامیہ لیہ کے سربراہ سابق ڈی سی او موجودہ ڈی سی سید واجد علی شاہ کی ضلع بھر کے لوگوں کی میزبانی کے معیار پر پورے اترنے کیلئے جیپ ریلی کے موقع پر تین روزہ لیہ تھل میلہ کا کامیاب انعقاد کروا کر جہاں لیہ کی عوام کو سرخرو کیا وہاں لیہ کی مہمان نوازی کی پاکستان بھر میں تعریف کروا دی اس سال بھی تھل جیپ ریلی کے موقع پر تین روزہ لیہ تھل میلہ کے انعقاد میں پہلے سے زیادہ محنت کی جا رہی ہے تھل جیپ ریلی کا آغاز ضلع مظفر گڑھ سے ہوکر اختتام بھی ضلع مظفر گڑھ کی حدود ہیڈ محمد والا پر ہوگا لیکن ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ اس جیپ ریلی کا مڈ پوائنٹ ہے اس مڈ پوائنٹ پر ضلعی انتظامیہ نے لیہ تھل میلہ کا انعقاد کرکے ضلع لیہ کی عوام کو تفریح کا بہترین موقع فراہم کیا گزشتہ سال جب اس ایونٹ کو شروع کیا گیا تو عموماًیہ خیال تھاکہ چوبارہ کے ریتلے ٹیلوں میں کون تفریح کا سامان کرے گااور کون دیوانہ وہاں جائے گالیکن پھر ہم نے دیکھا کہ پہلے ہی سال عوام کا جم غفیر موجو د تھا۔تین روزہ میلہ کے تینوں دن شائقین نے میلہ میں شرکت کی۔ایک انداز ہ کے مطابق پہلے تھل جیپ ریلی و لیہ تھل میلہ میں 30ہزار لوگوں نے شرکت کی تھی اس سال تھل جیپ ریلی ولیہ تھل میلہ میں عوامی تفریح کے لیے سابقہ سال میں کئے جانے رنگا رنگ پروگرام کے علاوہ مزید پروگرام شامل کیے گئے ہیں افتتاحی تقریب کے موقع پر پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ پولیس کا مارچ پاسٹ ،سٹیج پرفارمنس ،والی بال میچ،نیزہ بازی،پتنگ بازی ، دنگل میچ ،محفل مشاعرہ اور محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا،اس میلہ میں سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کی طرف سے طلبا طالبات پاکستان کے تمام علاقوں کی ثقافت پیش کرنے کیلئے کلچر پروگرام کئے،علاقائی ثقافت کو نمایاں کرنے کیلئے میلہ میں مختلف سٹالز لگانے کے علاوہ سرکاری محکموں کی جانب سے علاقہ تھل کی مناسبت سے بھی سٹالز لگائے گئے ہیں خاص طور پر پنجاب پولیس ضلع لیہ کی طرف سے کیمونٹی پولسنگ کے حوالے سے بھی اپنا سٹال لگایا جہاں پر پولیس ڈیپارٹمنٹ میں عوام کی فوری رسائی و خدمت کے حوالے سے ہونے اقدام کے بارے میں آگاہی کیلئے سٹال پر معلومات دی جا رہی ہیں میلہ کے آخری روز 19 نومبر کو کبڈی میچ،جیپ ریسرز کی آمد ،سٹیج پرفارمنس اور اختتام پرنمایاں کارکردگی کے حامل شخصیات کو شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی دیئے جائیں گے،لیہ ضلع کی حدود میں ریلی کے مڈ پوائنٹ پر ہونے والے پروگرامز وانتظامات کی تعریف سننے کے بعد جنرل منیجر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اسجد غنی مڈ پوائنٹ پر ہونے والے انتظامات اور پروگرامز کو دیکھ کر تھل جیپ ریلی کا آغازو اختتام آئندہ سال سے ہیڈ محمد والا مظفرگڑھ کی بجائے لیہ سے کرنے کی نوید سنادی،اگرجیپ ریلی کا آغاز لیہ کی دھرتی سے ہوتا ہے تو اس میلہ کا سماں مزید بندھ جائے گااور پروگرامز کو دیکھنے کیلئے آنے والی عوام کا جمع غفیر میلے کی کامیابی کی نوید سنائے گا ۔