لیہ (صبح پا کستان) شوگر کین سیس فنڈ کے ذریعے لیہ سٹی کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے سڑکات کی بہتری کے ترقیاتی منصوبہ جات کا موثر پلان ترتیب دیا جائے جس سے شہریوں کو آمد و رفت کی کسی قسم کی دقت کا سامنا کیے بغیر گنا شوگر ملز میں لایا جا سکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد ،سردار قیصر عباس خان مگسی موجود تھے ۔
اجلاس میں ایکسین بلڈنگ محمد ارشد ،ڈی ڈی ڈویلمنٹ عرفان انجم ،جی ایم لیہ شوگر ملززاہد محمود قریشی ،ڈی جی ایم محمد اشرف ،اے ایف سی ذوالفقار حسین ،ڈی ڈی زراعت غلام رسول ،سید نیئر عباس شاہ ایڈووکیٹ ،علمدار حسین خان ایڈووکیٹ ،سید منیر حسین ہاشمی ،مصور حسین ،حاجی نور محمد و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں سال 2013-14 ء کی 14ترقیاتی سکیموں جن میں 12مکمل اور زیرِ تکمیل سال 2014-15 ء کی 6سکیموں اور رواں مالی سال کے لیے 8کروڑ 62لاکھ 16ہزار روپے کی لاگت سے تجویز کردہ 13ترقیاتی سکیموں پر غور و خوص کیا گیا ۔اجلاس میں ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے گنے کے مل میں لانے پر لیہ سٹی کے تمام اطراف کی سڑکوں پر ٹرالیوں کے رش کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل اور سڑکات کے خراب ہونے کے بارے میں آگاہ کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شوگر کین سیس فنڈ کے حقیقی مقاصد کا حصول کاشتکاروں ،شوگر ملز انتظامیہ ،منتخب عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کے لیے ایسا موثر پلان ترتیب دیا جائے جس سے بلا رکاوٹ گنا مل میں آسکے اور شہریوں کو بھی آمد و رفت میں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اس لیے سڑکات کو وسعت دینے کا موثر پلان ترتیب دیا جائے ۔
اجلا س میں جی ایم شوگر مل زاہد محمود قریشی نے بتایا کہ ضلع لیہ میں گنے کی بمپر کراپ کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے آئندہ سیزن میں مربوط و جامع پلان ترتیب دیا جارہا ہے جس سے کسی قسم کا مسئلہ پیدا نہیں ہو گا ۔ممبران صوبائی اسمبلی نے لیہ شوگر ملز انتظامیہ کو جامع منصوبہ بند ی کے ذریعے سڑکا ت میں بہتری لا کر گنے کی ترسیل کا پلان ترتیب دینے کے سلسلے میں پیش رفت کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔