لیہ(صبح پا کستان)ضلع لیہ و دیگر جنوبی پنجاب کے علاقوں کے ایک ہزار سے زائد زائرین ایران اور پاکستان کے بارڈرتفتان میں بے یارو مددگار پڑے واپسی کے منتظر ہیں ۔ہزاروں افراد شدید گرمی میں بغیر کسی چھت کے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ واپسی کی راہ تک رہے ہیں ۔تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کے ایک ہزار سے زائد افراد گزشتہ ماہ عراق ایران میں زیارت کی غرض سے گئے ہوئے تھے کربلا معلی،نجف اشراف سمیت دیگر اکابرین کے مزارات کی زیارت کے بعد یہ قافلے 12جولائی سے پاک ایرا ن کے بارڈر تفتان ٹھہرے ہوئے ہیں ۔شدید گرمی میں یہاں کو ئی انتظار گاہ نہ ہے باتھ اور واش روم تک نہ ہیں خوراک اور پانی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے کسی زائر کے بیمار ہوجانے پر ادویات کی فراہمی تک نہ ہے ضلع لیہ سے زیارت کو جانے والوں میں آصف رضا کورائی ،امیر محمد ،جعفر حسین ،اختر عباس ،اسلم عباس ،بلال حسین ،منتظر مہدی ،ارشاد حسین سمیت درجنوں زائرین نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خراب اور ملاوٹ شدہ خوراک اور مٹی والے پانی کے باعث اکثر زائرین بیمار ہو چکے ہیں شدید گرمی میں انتظار گاہیں تک موجود نہ ہیں زائرین اپنے کپڑوں سے سائبان کاکا م لے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ بچوں کی اکثریت بیمار ہو چکی ہے لیکن وہاں پر ادویات تک نہ ہیں زائرین نے وزیراعظم پاکستان سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ہزاروں زائرین کی واپسی کا بندوبست کیا جائے انھوں نے کہا کہ ہزاروں زائرین مٹی پر بیٹھے حکومتی امداد کے منتظر ہیں لہذا حکومت ان کی جلد جلد واپسی کا بندوبست کرائے ۔