لیہ (صبح پا کستان)ماہ صیام کے مقدس ایام کے دوران صارفین کو میعاری اشیائے خورد نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تاجر تنظیموں ،مارکیٹ کمیٹی ،زراعت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران باہمی مشاورت ومعاونت سے پانچ سستے رمضان بازاروں کے بہتر انداز میں انعقاد کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کریں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے سستے رمضان بازاروں کے انعقاد کے لیے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی ،اے ڈی سی جنرل محبوب احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام رسول ،ای اے ڈی اے محمد طاہر ،اے سی لیہ عابدکلیار،صدرانجمن تاجران لیہ مظفر اقبال دھول،جنرل سیکرٹری شیخ کمال الدین ،صدر انجمن تاجر ان کروڑحاجی مختیار حسین ،سیٹھ محمد اسلم خان،مہر محمد اقبال سمرا ،خلیل احمد،رانا اعجاز سہیل ،شیخ خرم علی جان ،شیخ معین الدین و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی او انٹر پرائز زمحمد عبداللہ نے تحصیل لیہ میں دو ،تحصیل کروڑ میں دو اور تحصیل چوبارہ میں ایک سستے رمضان بازاروں کے انعقاد اور ان میں فراہم کردہ سہولیات و اشیائے خورد نوش کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازاروں میں کم آمدنی والے افراد کو معاشی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتی ہدایات کی روشنی میں موثر اقدامات عمل میں لانے کی ہدایت کی اور ماہ صیام سے قبل بھر پور ہوم ورک کے ذریعے سستے بازاروں میں سہولیات کی فراہمی کے تمام انتظامات کو مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔