لیہ (صبح پا کستان)ریونیو ریکارڈ کی پڑتا ل ،درست تکمیل ،سرکاری واجبات کی سو فی صد وصولی ،تصفیہ طلب معاملات کا فوری حل افسران مال کی اولین ذمہ داری ہے جس کی کماحقہ ادائیگی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے تاکہ حکومتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے زمینداروں اور کاشت کاروں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔یہ با ت ممبربورڈ آف ریونیومسعود احمد لک نے ریونیو معاملات کے جائزہ کے لیے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،اے ڈی سی ریونیو رائے نعیم اللہ بھٹی ،جی اے آرارشد احمد وٹو ،اسسٹنٹ کمشنر لیہ محمد عابد کلیار ،اسسٹنٹ کمشنر کروڑ تنویر یزداں ،اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ صفات اللہ خان ،تحصیل دار محال لیہ عامر حیات شیخ ،تحصیلدار کروڑ افتخار احمد خان،کنسلایڈیشن آفیسر چوبارہ رانا محمد ارشد ،این ٹی او محمد سعید گھمن ،ریونیو افسران ملک سیف الرحمان ،محمد یونس ہنجرا،بشیر خان ،ملک امام بخش ،انچارج کیمپوٹرائزڈ اراضی ریکارڈ سنٹر محمد شہزاد ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران اے ڈی سی ریونیو نے لینڈریونیو فیس ،سٹمپ ڈیوٹی ،رجسٹریشن فیس ،سی وی ٹیکس ،واٹر ریٹ ،زرعی انکم ٹیکس ،ریونیو جوڈیشل مقدمات کے فیصلے ،کالونی کیسز ،حقوق ملکیت دینے ،سب رجسٹرار کی کارکردگی ،ڈسپلنری کیسز ،پڑتا ل گرداوری ،سینارٹی لسٹیں مرتب کرنے ،پٹواریوں کے تبادلہ جات ،تاوان ناجائز کاشت کی وصولی ،سٹیٹ لینڈ کا ڈیٹا مرتب کرنے ،تصفیہ طلب انتقال اراضی کے معاملات ،اسی طرح کیمپوٹرائزڈ اراضی ریکارڈ سنٹرکے افسران نے ضلع بھر کے 723مواضعات میں سے 461آئن لائن مواضعات سے کاشت کاروں کو فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبربورڈ آف ریونیو مسعود احمد لک نے کہا کہ بنیاد ی طور پر ریونیو افسران کی اولین ذمہ داری ہے کہ تمام ریکارڈ کی درست تکمیل اور شیڈول کے تحت پڑتال کو یقینی بنائیں تاکہ مختلف پیچیدگیو ں کا خاتمہ کر کے عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے انتقال اراضی کے معاملات میں بروقت تکمیل کے لیے ریونیو افسران و انچارج کیمپوٹرائزڈ اراضی ریکارڈ سنٹرکو بھر پور اقداما ت عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔انہوں نے تصفیہ طلب ریونیو معاملات کے نمٹانے میں چوہدری محمد صدیق کاہلوں کی کارکردگی کو سہرایا اور افسران کو کسی قسم کی تاخیر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام ریونیو معاملات کو بروقت نمٹانے کی ضرورت پرزور دیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ریونیو معاملات کی موثر دیکھ بھال اورتمام امور کو ایس او پی کے مطابق نمٹانے کے سلسلہ میں ممبربورڈ آف ریونیو کو بہتر حکمت عملی مرتب کرکے اقدامات عمل میں لانے کی یقین دہانی کرائی ۔