لیہ(صبح پا کستان)نواز شریف دیانتدار نہیں رہے ،اقتدار کی بجائے ، اقدارکی سیاست کے نعرے کی لاج رکھیں ، پیپلزپارٹی لیہ نے وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کردیا ، لیہ میں مزید اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہونگی ، 2 ماہ میں جماعت کو منظم و مضبوط بنا دینگے ، رہنماؤں کا دعویٰ، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی ضلعی لیہ کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سردار غلام فرید خان میرانی نے ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اقبال کنجال ، سابق ضلعی صدر عبدالمجید بھٹہ ، انفارمیشن سیکرٹری قاضی احسان دانش ، سابق ٹکٹ ہولڈر عبدالرحمان مانی اور حال ہی پارٹی میں شامل ہونیوالے تھند فیملی کے رکن افتخار تھند کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے JIT کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم پاکستان سے مستعفیٰ ہونیکا مطالبہ کیا ہے ، مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نواز شریف دیانتدار نہیں رہے ، دو ججز نے انہیں قبل ازیں ہی نااہل قرار دیدیا تھا وہ اپنے اسمبلی میں دیئے گئے بیان اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست کے نعرے کی لاج رکھیں ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی اپنی آف شور کمپنی کا نکل آنا اور بھاری تحائف کی صورت بچوں کے نام پر رقوم کی منتقلی کے علاوہ جعلی کاغذات کا ثابت ہونا انہیں صادق اور امین کے زمرے سے نکال رہا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کیلئے نواز شریف اور ساتھی حالات کی نزاکت کو سمجھیں اور عوامی مطالبے کے سامنے سر تسلیم خم کریں ۔ عبدالرحمن مانی کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی ہٹ دھرمی سے جمہوریت خطرے میں ہے ۔ سٹیپ ڈاؤن ہونے سے ان کی بادشاہت کو خطرہ ہوگا جو انہیں اس امر سے روک رہا ہے ، اب وزیراعظم کو عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم ملک کو تصادم کی طرف لے جانا چاہتے ہیں اب اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو کر انہیں جمہوری خود کشی سے روکیں گی ۔ ایک سوال پر سردار غلام فرید میرانی کا کہنا تھا کہ لیہ میں افتخار تھند اور انعام الحق چوہدری کے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد مزید اہم شخصیات بھی پارٹی میں شامل ہونگی اور دو ماہ کے دوران وہ لیہ میں پارٹی کو مضبوط اور منظم بنا دینگے اور انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے مخالفین سے مقابلہ کرینگے ۔ اس موقع پر پارٹی کے بیسیوں کارکن بھی موجود تھے ۔