لیہ( صبح پا کستان )محکمہ پولیس میں بھرتی کا عمل شروع ، آئی جی پنجاب کی طرف سے خصوصی بورڈ تشکیل، پہلے مرحلے میں فیزیکل ٹیسٹ ، 3132 امیدواران کے درمیان مقابلہ ، بھرتی کے تمام مراحل کو شفاف بنایا جائے گا سلطان اعظم تیموری ، بھرتی کے لئے منعقدہ تمام امتحان کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا رہی ہے کیپٹین (ر) محمد علی ضیا ء۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس کے مختلف یونٹ جن میں سپیشل پرو ٹیکشن یونٹ ، پنجاب ہائی وے پٹرول ، ریورائن پوسٹ پر کنسٹیبلان کی بھرتی کے لئے درخواستوں کی سکروٹنی کے بعد باقاعدہ بھرتی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں امیدواران کا فیزیکل ٹیسٹ لیا جا رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے آر پی او ملتان سلطان اعظم تیموری کی سر براہی میں خصوصی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ دیگر ممبران میں ڈی پی او لیہ کپٹین(ر) محمد علی ضیاء اور ایس پی علی مردان کھوسو شامل ہیں ۔ سلطان اعظم تیموری نے بھرتی کے عمل کی نگرانی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کے بعد 3132امیدواران بھرتی کے لئے اہل قرار پائے ہیں جن کی پہلے مرحلے میں فیزیکل ٹیسٹ کے دوران جسمانی پیمائش کی جا رہی ہے کامیاب ہونے والے امیدواران سے اگلے مرحلے میں دوڑ کا امتحان لیا جائے گا انہون نے کہا کہ بھرتی کے تمام مراحل کو شفاف بنایا جائے گا ۔ ڈی پی او لیہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہی امیدواران بھرتی کیے جائیں گے۔ بھرتی کے لئے منعقدہ تمام امتحانات کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا رہی ہے ۔