لیہ (صبح پا کستان)وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی لیہ آمدپرمسلم لیگی کارکن اُن کا فقید المثال استقبال کرکے یہ ثابت کریں گے کہ ضلع لیہ کی عوام انہیں دل کی گہرایوں سے اس لیے چاہتی ہے کہ ضلع میں تعمیر وترقی کے وسیع تر منصوبے ان کے مرہون منت ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر اقدامات برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ نے یونین کونسل مرہان ،172ٹی ڈی اے کے مختلف چکوک میں ورکرز کنویشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہی۔ورکرز کنویشن سے ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری ،وائس چیئرمین ضلع کونسل مہر نور محبوب میلوانہ نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر نے کہا ضلع لیہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومتوں کے دور میں جس قدر میگاپراجیکٹس و ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں اور وزیر اعظم پاکستان کی یہ ترجیح رہی ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنانے کے لیے کوئی کسر اُٹھانہ رکھی جائے جس کا بین ثبوت ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ،سکولوں و کالجز کا قیام ،رورل روڈ نیٹ ورک کی توسیع ،سٹیٹ آف دی آرٹ ،ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ میں طبی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے،بی زیڈیو بہادر کیمپس،وٹرنری کالج ،پیرا میڈکس سکول ایسے منصوبے قابل ذکر ہیں اور نشیبی علاقوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے ترقیاتی منصوبے دور رس نتائج کے حامل ثابت ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات سے زراعت ،تعلیم ،صحت کے شعبوں میں عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی سے مستفیدکیا ہے ۔ورکر کنویشن میں کارکنوں نے وزیر اعظم پاکستان کی لیہ آمد پر ان کے فقید المثال استقبال کرنے کا اعادہ کیا۔