لیہ (صبح پا کستان )ترمیمی ڈرگ ایکٹ کے خلاف میڈیکل سٹور مالکان،ڈسٹری بیوٹرز کی مکمل ہڑتال ، احتجاجی ریلی نکالی گئی ، مریض خوار ، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہ کرنے کا اعلان ، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے ترمیمی ڈرگ ایکٹ کے نفاذ کے اعلان کے بعد ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کے اعلان پر میڈیکل سٹور مالکان نے مکمل ہڑتال کی ، شٹر گیٹ تالے لگا کر بند کردیئے گئے اور ادویات وغیرہ کی مریضوں کو فروخت مکمل طور پر بند رہی جس سے ضرورت مند مریضوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا ، ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹی ڈی اے چوک تا پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں میڈیکل سٹور مالکان اور ادویات کی خرید و فروخت سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سے صدر سید مظہر علی شاہ ، منیر احمد خان ، طاہر خان ، محمد زمان میرانی ، چوہدری ظفر اقبال ، رفیق خان خٹک نے خطاب کرتے ہوئے ڈرگ ایکٹ 1976ء4 میں کی جانے والی ترامیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ترمیمی ڈرگ ایکٹ کو ظالمانہ اور میڈیکل سٹور مالکان کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور دنیا میں کہیں بھی یہ قوانین رائج نہیں ، ان حالات میں کام کرنا ناگریز ہے ،حکومت پنجاب اپنے سرکاری ہسپتالوں میں بھی ایس ایکٹ کے مطابق ادویات کے سرکاری ویئر ہاؤسز اور ادویات کے سٹورز پر بھی یہ قانون نافذ کرے جہاں ادویات کے رکھے جانے کا کوئی معیار موجود نہیں سٹورز کے ٹمپریچر کا کوئی معیار نہیں سرکاری سٹوروں میں ویکسین رکھنے کا بھی مناسب انتظامات نہ ہیں یہ ظلم صرف پرائیویٹ کاروبار کرنے والوں کے خلاف ہی کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترمیمی ڈرگ ایکٹ کے واپسی لینے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ریلی میں انجمن تاجران کے صدر ملک مظفر اقبال دھول اور جنرل سیکرٹری شیخ کمال الدین و دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور کیمسٹ ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی کیا۔