لیہ(صبح پا کستان )میڈیکل کالجز کیلئے لیے جانے والا ایم کیٹ کا پیپر آوٹ ہونے کے خلاف لیہ کے طلبا، والدین کا احتجاج، پریس کلب کے باہر دھرنادیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے لئے جانے والے ایم کیٹ کا پیپر آوٹ ہونے کیخلاف لیہ کے طلبا، والدین نے بھی احتجاج کیا۔پریس کلب کے باہر مظاہرین نے پنجاب حکومت، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے افسران کے خلاف دھرنا بھی دیا۔ طالبعلموں کے احتجاج میں سرائیکی تنظیموں کے عہدیداران، پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید کنجال، سابق تحصیل ناظم لیہ ملک منظور حسین جوتہ نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سرائیکستان قومی اتحاد اللہ نواز سرگانی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ساتھ تخت لاہور ہمیشہ زیادتی کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اب والدین،طلبا کا ایک ہی موقف ہے کہ ہمیں الگ صوبہ دلوا کر ہمارے حقو ق دیئے جائیں۔ مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری پی پی پی ڈاکٹر جاوید اقبال کنجال نے کہاکہ پی پی پی کے دور حکومت میں طلبا کو میرٹ فراہم کیا جاتا ہے مگر میاں بردران تخت لاہور کو بچانے کے لئے طلبا کے ساتھ بھی میرٹ میں زیادتی کر تے ہیں۔ والدین ، طلبا نے موقف اختیار کیا کہ ایم کیٹ کا پیپر آؤٹ کرا کے اپر پنجاب کے سٹوڈنٹس کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ انہو ں نے دوبار ٹیسٹ لینے اور میڈیکل کالجوں میں داخلہ کے لئے ایم کیٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو جنوبی پنجاب کے طلبا، والدین اور اساتذہ تحریک چلائیں گے۔